وزیراعلیٰ پنجاب کا ہر شہر میں پی ایچ اے بنانے کا اعلان ،روایتی میلے بحال کرنے کا حکم،ہر شعبے میں تیزی سے بہتری آرہی ہے، حلف دیتی ہوں آج تک کوئی بندہ سفارش پر نہیں لگایا،مریم نواز کا اجلاس سے خطاب
لاہور( نیوز ڈیسک ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ مہنگائی پہلی مرتبہ نیچے آئی ہے،یہ خود بخو د نہیں ہوا،اس کے پس منظر میں ہماری کاوشیں ہیں، خرابیاں دور کررہے ہیں،ہر شعبے میں تیزی سے بہتری آرہی ہے، حلف دیتی ہوں آج تک کوئی بندہ سفارش پر نہیں لگایا، پہلی مرتبہ پرائس کنٹرو ل کیلئے باقاعدہ نیا ڈیپارٹمنٹ بنا رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ہر شہر میں پی ایچ اے بنانے کا اعلان کرتے ہوئے روایتی میلے بحال کرنے کا حکم،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ساہیوال ڈویژن کے ارکان اسمبلی نے ملاقات کی جس میں عوامی فلاحی منصوبے لانے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کو خراج تحسین پیش کیا۔
ارکان اسمبلی کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھاکہ مہنگائی کم ہورہی ہے،آپ بہترین کام کررہی ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) کاشتکاروں کی حقیقی ہمدرد اورخیر خواہ ہے،پہلی مرتبہ عوام کا پیسہ عوام کے منصوبوں پر لگتا دیکھ رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ساہیوال میں کارڈیالوجی بلاک جلد فعال کرنے، میڈیکل کالج کی فیکلٹی پوری کرنے اور ہر شہر ڈولفن فورس قائم کرنے کی ہدایت بھی کی جبکہ بابا فرید گنج شکر کے مزار کی تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش جلد مکمل کرنے کا بھی حکم دیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ حکومتی نرخوں پر یقین نہیں بلکہ زمینی حقائق کو خود چیک کرتی ہوں، پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں 13،12 اور 14 روپے کی روٹی مل رہی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا گفتگو کے دوران مزید کہنا تھا کہ اپنی چھت اپنا گھرپروگرام میں گھروں کی تعداد بڑھائیں گے۔پانچ لاکھ سے زیادہ گھر دیں گے۔
محض ملکیتی کاغذات اورشناختی کارڈ پر ہاوسنگ قرض فراہم کرنے کی پہلی اوربڑی سکیم لارہے ہیں۔ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی ماہانہ قسط 14ہزا ر روپے سے بڑھانے سے روک دیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ چلڈرن ہارٹ سرجری کارڈ میں پرائیویٹ ہسپتال اورسرجن شامل کئے ہیں۔ ہمت کارڈ پر ہر چار ماہ بعد 15ہزار روپے ملیں گے۔بیواوں اور غریب اقلیتی بھائیوں کیلئے مینارٹی کارڈ بھی ایشو کریں گے۔
گندم کی خریداری نہ کرنا غیر مقبول فیصلہ سمجھا گیا لیکن آٹے اورروٹی کی قیمت نیچے آگئی۔گندم کی قیمت بڑھنے سے کاشتکار کو فائدہ نہیں ہوتا لیکن عوام کو روٹی مہنگی ملتی تھی،عوامی پذیرائی نہیں چاہتی لیکن ایسے فیصلے کررہی ہوں جس سے عوام پر کم از کم بوجھ پڑے۔انہوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریشن صبح 6، 7 بجے سے رات گئے تک فیلڈ میں ہوتی ہے۔کسان کارڈ کیلئے 9 لاکھ درخواستیں آئیںچند دنوں میں کارڈ ایکٹو ہوگا اور ڈیڑھ لاکھ روپے تک قرض ملے گا۔
آڑھتی کسان کو بلیک میل کرتا تھااس عذاب سے کسانوں کی جان چھوٹ گئی ہے۔ کاشتکاروں کو مشورے دینے کیلئے زرعی گرایجویٹ انٹرن شپ پروگرام شروع کررہے ہیں۔ گلی محلوں میں 10،10سال سے پڑی گندگی اٹھا رہے ہیں، پولیس افسران کو عوام کی سہولت کیلئے مساجد میں جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمت گرنے سے صرف پنجاب کرائے کم کرا رہا ہے۔ پنجاب بھر میں 600روڈز بحال کررہے ہیں۔ ہر شہر میں سڑکوں کی حالت چند ماہ میں بدل جائے گی۔ پورے پنجاب میں صفائی کا نظام نہیں تھا، کمشنر ز کو زیرو ویسٹ کرنے کا ٹارگٹ دے دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے پی آئی سکور کارڈبننے سے سختی کا سامنا کررہے ہیں۔ کے پی آئی میں عوام کی سہولت کیلئے چھوٹی بڑی ہر چیز شامل کی گئی ہے۔