بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں ختم کر رہے ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ختم کررہی ہے۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے پٹرولیم شعبے سے تعلق رکھنے والی عالمی شہرت یافتہ کمپنی گنور گروپ کے چیئرمین توربیون تورنقوسٹ اور ٹوٹل انرجیز کے ریجنل وائس پریذیڈنٹ مہمت جیلیپوعلو نے ملاقات کی ، وفاقی وزراءاحد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق ملک، معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیرِ اعظم نے گنور گروپ کے چیئرمین کا پاکستان آمد پر خیر مقدم کیا، چیئرمین گنور گروپ نے پاکستان کے پٹرلیم سیکٹر میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو گنور گروپ کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

حکام نے وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا کہ گنور گروپ پاکستان میں ٹوٹل پارکو کے 50 فیصد حصص کا معاہدہ کر چکا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو کر ترقی کی راہ پر گامزن ہے، ملک میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کیلئے تیزی سے اصلاحات کی جارہی ہیں، ہماری معاشی و کاروباری پالیسیوں کے مثبت ثمرات کا سلسلہ جاری ہے۔

چیئرمین گنور گروپ توربیون تورنقوسٹ نے کہا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مثبت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔