انسداد دہشت گردی کی عدالت نے شعیب شاہین کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور لی‘ فوری رہا کرنے کا حکم

جج طاہرعباس سپرا نے کی اراکین اسمبلی شیر افضل، شیخ وقاص، احمد چٹھہ اور احمد علی کی درخواستوں پر سماعت سے معذرت

اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہرعباس سپرا نے پاکستان تحریک انصاف کے راہنماﺅں شیر افضل، شیخ وقاص، احمد چٹھہ اور احمد علی کی درخواست ضمانت پر سماعت کرنے سے معذرت کرتے ہوئے شعیب شاہین کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرتے ہوئے فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے.
عدالت نے شعیب شاہین کی ایک لاکھ کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی شیر افضل مروت، شیخ وقاص اکرم ، شعیب شاہین، زین قریشی سمیت دیگر گرفتار راہنماﺅں کی درخواست ضمانت کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی.
اس موقع پر وکلا ریاست علی آزاد، عمیر بلوچ ‘ ریاست حسین آزاد ، عادل قاضی ایڈوکیٹ اور تفتیشی افسر و دیگر عدالت میں پیش ہوئے.

وکلا نے عدالت کو بتایا کہ شعیب شاہین اس وقت اڈیالہ جیل ہیں، ایک مقدمہ میں ضمانت پر جبکہ دوسرے میں جسمانی ریمانڈ تھا وہ ہائی کورٹ نے کالعدم قرار دے دیا تین مقدمات میں سے دو کا ریکارڈ عدالت پیش کیا گیا، اس موقع پر سماعت میں وقفہ کر دیا گیا وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو تفتیشی افسر ریکارڈ سمیت پیش ہوئے. ریاست علی آزاد ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ ریکارڈ آگیا ہے، کچھ گذارشات کرنی ہیں، جس پر جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیے کہ پراسیکیوٹر نہیں آیا تو ایک دن کی بات ہے سماعت ایک دن بعد ہو جائے گی ریاست علی آزاد نے کہا کہ اراکین قومی اسمبلی سب جیل میں ہیں مگر شعیب شاہین اور دیگر ورکرز تو جیل میں ہیں دو درخواست گزاراسلام آباد بار کے سینئر ممبران ہیں عدالت اس چیز کو دیکھے کہ یہ ایف آئی آر سسٹین ایبل ہے ؟.
ایڈوکیٹ ریاست علی آزاد نے دلائل میں کہا کہ ایف آئی آر میں پولیس والے کو مارنے کا ذکر ہے مگر ساتھ میڈیکل سرٹیفکیٹ موجود نہیں ہے شعیب شاہین پر پستول کا الزام ہے مگر ریکوری ایک ڈنڈے کی ہوئی ہے جج طاہر عباس سپرا نے استفسار کیا کہ ڈنڈے کی ریکوری کہاں لکھی ہوئی ہے جس پر وکیل کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے سامنے تفتیشی افسر نے بتایا کہ شعیب شاہین سے ڈنڈا ریکور کیا ہے.
جج طاہرعباس سپرانے شیرافضل، شیخ وقاص، احمدچٹھہ، احمد علی کی درخواست ضمانت پر سماعت کرنے سے معذرت کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ شعیب شاہین کی حد تک درخواست ضمانت پر کوشش کرتا ہوں آج فیصلہ کر دوں، شیرافضل، شیخ وقاص، احمد چٹھہ، احمد علی کا گھر ویسے ہی سب جیل قرار دیا گیا ہے عدالت نے شیرافضل، شیخ وقاص، احمدچٹھہ، احمدعلی کی درخواست ضمانت پر سماعت پیر تک ملتوی کر دی.
بعد ازاں انسداد دہشت گردی عدالت نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض شعیب شاہین کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی جبکہ شیرافضل، شیخ وقاص، احمدچٹھہ، احمدعلی کی درخواست ضمانت پر سماعت اےٹی سی جج ابو الحسنات ذوالقرنین کریں گے واضح رہے کہ گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار ارکان کے لیے پارلیمنٹ لاجز کو سب جیل قرار دے دیا تھا قبل ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار اراکین قومی اسمبلی شیر افضل مروت، عامر ڈوگر، زین قریشی، نسیم شاہ، احمد چٹھہ و دیگر کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں جوڈیشنل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا.