انفلیشن ریٹ کم ہونے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ اشیاء سستی ہو رہی ہیں

انفلیشن کی شرح کم ہونے کا مطلب ہے مہنگائی بڑھنے کی رفتار کچھ کم ہوئی ہے، حکومت کے مہنگائی کم ہونے کے دعووں پر مفتاح اسماعیل کا ردعمل

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ انفلیشن ریٹ کم ہونے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ اشیاء سستی ہو رہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کے مہنگائی کم ہونے کے دعووں پر سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔ انہوں نے نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انفلیشن ریٹ کم ہونے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ اشیاء سستی ہو رہی ہیں، انفلیشن کی شرح کم ہونے کا مطلب ہے مہنگائی بڑھنے کی رفتار کچھ کم ہوئی ہے۔
دوسری جانب ملک میں ایک ماہ مسلسل کمی کے بعد ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوگیا ۔ حالیہ ہفتے سالانہ بنیادوں پر بھی مہنگائی کی شرح 14.36 فیصد رہی۔ ملک میں مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر 22ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517روپے ماہانہ آمدن رکھنے والا طبقہ متاثر ہوا اس طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 17.15فیصد رہی ہے۔