آپ سب نے حقیقی آزادی کے لیے کھڑے ہونے اور لڑنے کے لیے خوف کی بیڑیاں توڑ دی ہیں۔ سابق وزیراعظم کا بیان
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے اسلام اباد جلسے پر عوام سے اظہار تشکر کا پیغام جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میں اللہ کا شکر گزار ہوں کہ اس نے اپنے لوگوں کو ظلم کے خلاف اٹھنے کی طاقت اور ہمت دی، میں اپنے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو راستے میں آنے والی تمام رکاوٹوں اور رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے ہمارے اسلام آباد جلسہ میں آئے، آپ سب نے حقیقی آزادی کے لیے کھڑے ہونے اور لڑنے کے لیے خوف کی بیڑیاں توڑ دی ہیں، مجھے آپ میں سے ہر ایک پر فخر ہے، ’’اِیَّاكَ نَعْبُدُ وَ اِیَّاكَ نَسْتَعِیْن‘‘ پر یقین رکھتے ہوئے ہم انشاء اللہ اپنی جدوجہد میں کامیاب ہوں گے۔
دوسری طرف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے میں شرائط کی خلاف ورزیوں، جلسہ وقت پر ختم نہ کرنے سمیت اہلکاروں پر پتھراﺅ کا دعویٰ کرتے ہوئے پولیس نے منتظمین کیخلاف 3 مقدمات درج کرلیے، مقدمات میں زرتاج گل، عامر مغل، شعیب شاہین، عمر ایوب، سیمابیہ طاہر اور راجہ بشارت سمیت 28 مقامی رہنماؤں کو نامزد کیا گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے حال ہی میں بنائے گئے پرامن اجتماع اور امن عامہ کے قانون کے تحت تینوں مقدمات درج کیے گئے ہیں، پہلا مقدمہ تھانہ سنگجانی میں جلسے کے معینہ وقت کی پاسداری نہ کرنے پر درج کیا گیا جب کہ دوسرا مقدمہ تھانہ سمبل میں معینہ روٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قافلے سادات کالونی اور سری نگرہائی وے سے لانے پردرج ہوا ہے، اسی طر ح تیسرا مقدمہ ایس ایس پی سیف سٹی سمیت دیگر اہلکاروں پر پتھراؤ کرنے پرتھانہ نون میں درج کیا گیا۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے مذکورہ قانون کے تحت تیار استغاثہ میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے روٹ کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کارکنوں کو روکا جس پر کارکنوں نے پتھروں اور ڈنڈوں سے اہلکاروں پر حملہ کیا جس کے باعث ایس ایس پی سمیت متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے، پولیس نے شیلنگ کی اور موقع سے 17 مظاہرین کو بھی گرفتار کیا۔