مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آنا حکومتی اقدامات کا عکاس ہے: وزیراعظم

اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آنا حکومتی اقدامات کا عکاس ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آنے پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے حکومتی معاشی ٹیم کی محنت رنگ لا رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ تین برس میں مہنگائی کی کم ترین شرح کا سہرا حکومتی معاشی ٹیم کو جاتا ہے، افراط زر میں کمی وزارت خزانہ کی اکنامک آؤٹ لک رپورٹ کی پیشگوئی کے عین مطابق ہے۔

شہباز شریف کا مزید کہنا ہے کہ اگست 2024 میں افراط زر کی شرح 9.5 سے 10.5 فیصد کے درمیان رہے گی، ستمبر میں افراط زر کی شرح میں مزید کمی کی پیشگوئی قوم کیلئے خوشخبری سے کم نہیں، 2018 میں بھی افراط زر کی شرح کو سنگل ڈیجٹ پر چھوڑ کرگئے تھے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ 2018 سے لے کر اگلے چار برس میں مجرمانہ غفلت کی وجہ معیشت بد حالی کا شکار رہی، اس وقت مہنگائی میں ریکارڈ اضافہ ہوا اور عوام کیلئے پریشانی کے دور کا آغاز ہوا، ہم نے اپنی سیاست کی قربانی دے کر ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ معاشی ٹیم کی محنت کی بدولت نہ صرف معیشت مستحکم ہوئی بلکہ ترقی کی جانب گامزن ہے، خادمِ پاکستان کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد عوام سے عہد کیا تھا کہ ان کی پریشانیوں کو کم کرنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، اللہ کا کرم ہے کہ اپنے عہد کی تکمیل کی طرف گامزن ہیں۔