9 مئی واقعات پر معافی مانگنے تک عمران خان سے مذاکرات نہیں ہونگے: احسن اقبال

نواز شریف کے لندن جانے کا ابھی حتمی پروگرام نہیں، صدر ن لیگ اگر کبھی لندن جائیں گے تو چیک کیلئے جائیں گے اور واپس آجائیں گے۔ وفاقی وزیر کی گفتگو

لاہور: ( نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات پر معافی مانگنے تک بانی پی ٹی آئی عمران خان سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے لندن جانے کا ابھی حتمی پروگرام نہیں، اگر کبھی وہ جائیں گے تو چیک کیلئے جائیں گے اور واپس آجائیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک اناڑی اور جھوٹے انا پرست نے ہنستے بستے پاکستان کو برباد کر دیا، عمران خان جیل میں بڑی موج میں ہیں، اُنہیں فائیو سٹار ہوٹل جیسی مراعات حاصل ہیں، یہ ہماری فراخدلی ہے کہ ہم وہ سلوک نہیں کر رہے جو ہمارے ساتھ کیا گیا، عمران خان جب تک 9 مئی واقعات پر معافی نہیں مانگتے، اُن سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے، بانی پی ٹی آئی این آر او چاہتے ہیں، پی ٹی آئی والے کبھی امریکہ، کبھی برطانیہ سے مدد مانگتے ہیں، امریکی کانگریس سے پی ٹی آئی کے حق میں پاس ہونے والی قرارداد انڈین لابی کی مدد سے پاس ہوئی۔
دوسری طرف مسلم لیگ ن کے صدر میاں نوازشریف کے آئندہ ماہ دوبارہ لندن جانے کا امکان ظاہر کردیا گیا، میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے معلوم ہوا کہ سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے قائد کی ستمبر کے دوسرے ہفتے لندن روانگی متوقع ہے، میاں نوازشریف کے 11 ستمبرکو لندن روانہ ہونے کا امکان ہے ، برطانیہ میں اپنے قیام کے دوران نوازشریف لندن میں اپنا چیک اپ کروائیں گے اور اپنے صاحبزادوں کے ساتھ وقت گزاریں گے، اس دوران صدر مسلم لیگ ن کی لندن میں بعض اہم سیاسی ملاقاتوں کا بھی امکان ہے۔
مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ نواز شریف ملکی سیاست میں بہت اہم اور مثبت کردار ادا کرنے جارہے ہیں، نواز شریف نے کبھی کسی سے محاذ آرائی نہیں کی، فوج کے ساتھ جب بھی معاملات خراب ہوئے تو آغاز دوسری طرف سے ہوا، پانامہ کو بنیاد بنا کر نواز شریف کو وزارت عظمیٰ سے نکالا گیا، اس میں ہوا بھرنے والے اس وقت کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف تھے کیوں کہ وہ ایکسٹینشن مانگ رہے تھے مگر نواز شریف نے انکار کردیا۔