اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) ماہر معاشیات ڈاکٹر قیصر بنگالی نے تین حکومتی کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا۔ دستاویز کے مطابق ڈاکٹر قیصر بنگالی حکومتی کفایت شعاری کمیٹی، رائٹ سائزنگ کمیٹی اور حکومتی اخراجات میں کمی کی کمیٹی کے رکن تھے، ڈاکٹر قیصر بنگالی نے اپنا استعفیٰ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور سیکرٹری کابینہ کامران افضل کو بھجودیا۔
ڈاکٹر قیصر بنگالی کا کہنا ہے کہ حکومت نے اخراجات میں کمی کیلئے اچھی کوششیں کیں، حکومتی اخراجات میں کمی کیلئے تینوں کمیٹیاں بڑی اہم ہیں، اخراجات کم کرنے کے لیے تینوں کمیٹیوں نے تجاویز دیں، تینوں کمیٹیوں نے 70 سرکاری اداروں اور 17 سرکاری کارپوریشنز کا جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ اخراجات میں کمی کیلئے 17 ڈویژنز اور 50 سرکاری محکمے بند کرنے کی تجویز دی تھی، حکومت تینوں کمیٹیوں کی تجاویز کے برخلاف اقدامات کر رہی ہے، اخراجات میں کمی کیلئے افسران کی بجائے چھوٹے ملازمین کو نکالا جا رہا ہے، محکموں سے گریڈ 17 سے 22 کے افسران کی نوکریوں کو بچایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ محکموں سے بڑے افسران کو ہٹایا جائے تو سالانہ 30 ارب روپے کے اخراجات کم ہوتے ہیں، حکومت تجاویز کے برخلاف گریڈ ایک سے 16 کے ملازمین کو فارغ کر رہی ہے، معیشت تباہی کی طرف جا رہی ہے، معیشت قرضوں کی وجہ سے وینٹی لیٹر پر ہے۔
ڈاکٹر قیصر بنگالی نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف اور دیگر ادارے قرضے دینے کو تیار نہیں، ملک میں گھریلو بجٹ تباہ ہوچکے ہیں، لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں۔