عمران خان کو ڈیتھ سیل میں رکھا ہوا ہے ہم اس حوالے سے پٹیشن دائر کر رہے ہیں،عمر ایوب

بانی پی ٹی آئی نے کبھی اپنے سیل کے بارے میں نہیں بتایا، سپریم کورٹ نے رپورٹ طلب کی تو ان کی ابتر صورتحال کا معلوم ہوا، نواز شریف اور شہباز شریف جب جیل میں تھے ان کے بوفے لگتے تھے اور 45 لوگ ملاقات کرتے تھے،رہنماءپی ٹی آئی کی بیرسٹر گوہر و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس

اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءعمر ایوب نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ڈیتھ سیل میں رکھا ہوا ہے ہم اس حوالے سے پٹیشن دائر کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کبھی اپنے سیل کے بارے میں نہیں بتایا، سپریم کورٹ نے رپورٹ طلب کی تو ان کی ابتر صورتحال کا معلوم ہوا، نواز شریف اور شہباز شریف جب جیل میں تھے ان کے بوفے لگتے تھے اور 45 لوگ ملاقات کرتے تھے،پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر پی ٹی آئی رہنماءبیرسٹر گوہر و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنماءپی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ یہ فارم 47 کی حکومت ہے۔
آپ فارم 47کی بنیاد پر آئے ورنہ عوام نے آپکا خاتمہ کردیا تھا۔آج پارلیمنٹ میں وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اہم معاملات پر جواب دینے کی بجائے بانی پی ٹی آئی پر اٹیک کیا۔
یہ حکومت این آر او اور لندن پلان کے تحت اقتدار میں آئی ہے۔انہوںنے کہا کہ حنیف عباسی ایفی اے ڈرین کا کیس نہ بھولیں، انہوں نے این آر او کے بارے میں بات کی ہے۔ حنیف عباسی کے پاس اس وقت 7ہزار ووٹ نہیں۔

احسن اقبال اور حنیف عباسی کو یاد ہونا چاہیے جنرل باجوہ نے آپ کو فیسلیٹیٹ کیا۔حنیف عباسی سب ہارے ہوئے ہیں ان کے گھر والے بھی انہیں نہیں مانتے یہ صرف اپنے کیسز ختم کروانے آئے ہیں۔ خفیہ اداروں نے میاں نواز شریف کے ٹیسٹ رزلٹ تبدیل کئے ۔ نوازشریف کے پلیٹ لیٹس کم دکھائے گئے اور انہیں راہ فرار کا موقع دیا گیا ۔سابق وزیر داخلہ راناثنااللہ پر سابق ڈی جی اینٹی نارکوٹکس نے منشیات کا کیس بنایا تھا۔
سندھ میں مخالفین کو دیوار سے لگایا ہوا ہے۔ ہم نے ہمیشہ عوامی سیاست کی ہے۔ سندھ میں فہمیدہ مرزا کے خلاف اور جے ڈی اے کے خلاف پیپلز پارٹی کارروائیاں کررہی ہے۔ بلوچستان میں حالات خراب ہیں۔لوگوں کو بسوں سے اتار کر مارا جا رہا ہے جبکہ اس وقت صوبے کو سیلابی صورتحال کا سامنا بھی ہے۔