عوام کے پیسے 45 ارب سے عوام کے بجلی کے بل دے دیئے تو کیا غلط کیا؟

مراد علی شاہ سندھ کے عوام کو ریلیف دیں گے تومجھے زیادہ خوشی ہوگی، محمد نوازشریف نے موٹروے بنا کرصوبوں کو ایک دوسرے سے جوڑا، سی پیک پورے پاکستان کیلئے ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کا سندھ کے افسران سے خطاب

لاہور ( نیوز ڈیسک ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ عوام کے پیسے سے عوام کے بل دے دیئے تو کیا غلط کیا؟، 45 ارب روپے کا ریلیف دیا، زیادہ پیسے ہوتے توزیادہ ریلیف دیتی۔ سندھ کے 7ویں سول سروس ٹریننگ پروگرام کے افسران کے وفدسے ملاقات میں وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام کو ریلیف دیں گے تو سب سے زیادہ خوشی مجھے ہوگی۔
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ سندھ میں جو اچھے کام ہوئے ہیں ہمیں بھی کرنے چاہئیں، بہت سے کام ہم بھی کررہے ہیں سندھ کو دیکھنے چاہئیں۔کسی صوبے میں اگر کوئی اچھا کام ہورہا ہے تو اپنانے میں کوئی حرج نہیں۔ ہم پاکستانی ہیں ملکر عوام کی خدمت کرنی ہے، باہمی رابطے رکھنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ صاحب سے احترام کا رشتہ ہے، میٹنگ میں سب ایک ہوتے ہیں۔

محمد نوازشریف نے موٹروے بناکر صوبوں کو ایک دوسرے سے جوڑا۔سی پیک پورے پاکستان کے لئے ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ رات بھر میں تبدیلی ممکن نہیں ہوتی لیکن کوشش کرنی چاہیے۔ میرٹ پر آنے والوں میں عزت نفس اور احساس ذمہ داری زیادہ ہوتا ہے۔پوسٹنگ ٹرانسفر 100فیصد میرٹ پر ہوتی ہیں، اپنے لوگوں کو ناراض کیا لیکن میرٹ پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا۔
انتظامیہ کو بتا دیا کہ ارکان اسمبلی اور عوام کا جائز کام ضرور کرنا ہے، ناجائزکام کسی کا نہیں کرنا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن سے کرپشن کا خاتمہ ممکن ہے۔ ڈیجیٹلائزیشن سے سسٹم کو گلوبلائز کیا جائے گا، بیرون ملک بیٹھے لوگ گورنمنٹ سروسز حاصل کر سکیں گے۔ گھوسٹ سکول ٹیچر اور انرولمنٹ ہوتی رہی ہوگی لیکن اب ایجوکیشن سسٹم کو بدل رہے ہیں۔
پینک بٹن کا دائرہ کار پورے پنجاب تک بڑھائیں گے۔پنجاب سب سے بڑا صوبہ ہے بہتر انفراسٹرکچر، گورننس اور معاشی مواقع کی وجہ سے لوگ یہاں آرہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ہیلتھ پر شہباز شریف صاحب نے بہت محنت کی لیکن پانچ سالوں میں ہسپتالوں کا بہت برا حال کر دیا گیا۔ اضلاع میں صفائی کا سسٹم پہلی دفعہ مکمل طور پر آؤٹ سورس کیا جارہا ہے۔
دیہات میں صفائی کا کوئی تصور ہی نہیں تھا لیکن اب گاؤں بھی صاف ہونگے۔ تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے لئے پائیدار اقدامات کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ31- کے پی آئی کے ذریعے انتظامی اور پولیس افسران کی کارکردگی کو جانچا جاتا ہے۔ گندم خریداری نہ کرکے کرپشن کے سرکل کو توڑا اور عوام کے لئے آٹا اور روٹی سستی ہوئی۔ اس وقت پورے پاکستان میں سب سے زیادہ سستی روٹی پنجاب میں مل رہی ہے۔
آپ دوسرے شہروں،ہسپتالوں، سکولوں اور اداروں میں نہیں جائیں گے تو مسائل کا کیسے پتا چلے گا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ہم عادتوں کے غلام بن چکے ہیں ترقی اور خوشحالی کے لئے خود کو بدلنا ہوگا۔ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ پر فوکس کرنا ہوگا اگر تحقیقی کام ہورہا ہوتو بیج امپورٹ نہ کرنے پڑتے۔ خود ستائی نہیں کررہی لیکن 16سے 17گھنٹے نان سٹاپ کام کرتی ہوں۔
افسران میرے دست و بازو ہیں مشاروت کا سلسلہ مسلسل جاری رہتا ہے۔ سپیڈ میچنگ نہ کرنے پر ناراض ہوجاتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ ٹیم کی طرح کام کرتے ہیں بیوروکریسی نے ہر پراجیکٹ میں پوری طرح سپورٹ کیا۔ مجھے کہا گیا کہ بیوروکریسی نہیں چلنے دے گی لیکن مجھے مثالی تعاون اور سپورٹ ملی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے سندھ حکومت کے افسران کے سوالوں کے جوابات بھی دیئے۔
سندھ گورنمنٹ کے زیر تربیت صوبائی افسران نے وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کے ویژنری اور اختراعی آئیڈیاز کو سراہا۔ سندھ حکومت کے افسران نے وزیر اعلی مریم نواز کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے کھڑے ہوکر تالیاں بجائیں۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، آئی جی ڈاکٹر عثمان انور، سیکرٹریز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔