بانی پی ٹی آئی مسلسل بیانات سے معاملے کو متنازعہ بنانا چاہتے ہیں، عمران خان کی شدید پریشانی ثابت کرتی ہے کہ فیض حمید واقع ہی ان کا اثاثہ تھے۔ وفاقی وزیراطلاعات عطاءاللہ تارڑ کا ردعمل
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیراطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ فیض حمید کے اوپن ٹرائل کا مطالبہ کرنا فوج کے معاملات میں مداخلت ہے، عمران خان کی شدید پریشانی ثابت کرتی ہے کہ فیض حمید واقع ہی ان کا اثاثہ تھے۔ وفاقی وزیراطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے بانی پی ٹی آئی کے فیض حمید کے اوپن کورٹ ٹرائل سے متعلق ریمارکس پر کہا کہ بانی پی ٹی آئی مسلسل بیانات سے معاملے کو متنازعہ بنانا چاہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کا فیض حمید کے اوپن ٹرائل کا مطالبہ کرنا فوج کے معاملات میں مداخلت ہے۔
عمران خان کو چاہیئے فیض حمید کے دفاع کی بجائے 190 ملین پاؤنڈ کیس کا جواب دیں، بانی پی ٹی آئی کے بیانات ان کی شدید پریشانی اور تذبذب کو ثابت کرتی ہے۔ جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ فیض حمید واقع ہی ان کا اثاثہ تھے۔
بانی پی ٹی آئی کبھی فیض حمید کو اثاثہ، کبھی ہیرو اور کبھی زیرو کہتے ہیں، عمران خان لوگوں کو استعمال کرکے پھینکنے میں اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتے۔
دوسری جانب سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان کا جنرل (ر) فیض حمید کے معاملے میں ٹرائل ہوا تو تسلی رکھیں اوپن ہی ہوگا، بانی پی ٹی آئی بتانے والے کون ہوتے ہیں کہ فیض حمید کا ٹرائل اوپن کورٹ میں ہو گا یا نہیں، سیکیورٹی ذرائع نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے فیض حمید سے متعلق راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں دئیے گئے ریمارکس پراپنے رد عمل میں مزید کہا ہے کہ اگر بانی پی ٹی آئی کا اس معاملے میں ٹرائل ہوا تو تسلی رکھیں وہ اوپن ہی ہو گااور ساری دنیا کو پتہ چلے گا بانی پی ٹی آئی کیا کرتے اور کرواتے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ آج راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے اوپن ٹرائل کا مطالبہ کر دیا۔اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا میں مطالبہ کرتا ہوں جنرل فیض حمید کا اوپن ٹرائل کیا جائے اور اوپن ٹرائل میں میڈیا کو کوریج کی رسائی دی جائے۔ ان کایہ بھی کہنا تھا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسی جانے والے ہیں اب جنرل فیض کا ڈرامہ رچا دیا گیا ہے میں مطالبہ کرتا ہوں جنرل فیض کا اوپن ٹرائل کیا جائے اور اس ٹرائل میں میڈیا کو عدالت جانے اورکوریج کی اجازت دی جائے گی۔