این او سی منسوخ: پی ٹی آئی کو شہر اقتدار میں جلسے کی اجازت نہ ملی

اسلام آباد:( نیوز ڈیسک ) شہر اقتدار کی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کے ترنول میں جلسہ کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق چیف کمشنر اسلام آباد کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں این او سی منسوخی کا فیصلہ کیا گیا،این او سی منسوخی کا فیصلہ ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کی رپورٹ پر کیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے اجلاس کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ بنگلادیش کرکٹ ٹیم اسلام آباد میں ہے، اس حوالے سے شدید سکیورٹی تحفظات ہیں، جلسے کے ہجوم کو کنٹرول کرنا مشکل ہوجاتا ہے، چند دن قبل بھی مظاہرین سپریم کورٹ پہنچ گئے تھے، ان حالات میں جلسے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

دوسری جانب آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے کہ احتجاج کیلئے آنے والی ریلیاں لمبی مدت تک دھرنا دیں گی، اسلام آباد اس تناظر میں پی ٹی آئی کو جلسہ یا ریلی کی اجازت نہیں دے سکتے، اسلام آباد پنجاب اور دیگر صوبوں کو بھی ہدایت دی جائے کہ کسی کو اسلام آباد داخل نہ ہونے دیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں حساس نوعیت کے مختلف اجتماعات ہیں، ناکافی وسائل کے باعث ایسی صورتحال سے نمٹنا ممکن نہیں، مذہبی جماعت نے بھی سپریم کورٹ میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے، چند روز پہلے بھی ریڈ زون کی سکیورٹی کو توڑ کر امن و امان کا مسئلہ پیدا کیا گیا، بنگلا دیش کرکٹ ٹیم بھی موجود ہے، کھلاڑیوں کی سکیورٹی کو بھی موثر بنانا ہے۔

علاوہ ازیں سپیشل برانچ نے بھی عوامی اجتماعات میں خطرات کے بارے میں معلومات دی ہیں، ان خدشات سے پی ٹی آئی ارکان کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے، ایسی صورتحال کے تناظر میں پی ٹی آئی کو این او سی جاری کرنا خطرہ ثابت ہوسکتا ہے، آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی بھی امن و امان سے متعلق خطرات کا الرٹ دے چکی ہیں۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف نے اسلام آباد میں 22 اگست کو جلسے کا اعلان کر رکھا ہے۔