مریم نواز دو صوبوں کی حکومتوں کے اعصاب پر بری طرح سوار ہیں، جتنا وقت آپ مریم نواز کی کارکردگی پرجلنے کڑھنے میں لگاتے ہیں اتنا کام پر فوکس کرتے تو آپ کے صوبوں کا یہ حال نہ ہوتا، مریم نواز کو پنجاب کے عوام نے مینڈیٹ دیا تو وہ خدمت بھی پنجاب کی ہی کریں گی،صوبائی وزیر کابیان
لاہور( نیوز ڈیسک ) صوبائی وزیر اطلاعات ونشریات عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ مخالفین جھوٹا پروپیگنڈہ کرنے کی بجائے اپنے صوبوں پر توجہ دیں، مریم نواز دو صوبوں کی حکومتوں کے اعصاب پر بری طرح سوار ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی حکومت کو صرف چند ماہ ہوئے ان کا کام بول رہا ہے اور مخالفین جھوٹا پروپیگنڈہ کر رہے ہیں ۔
اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ جتنا وقت آپ مریم نواز کی کارکردگی پرجلنے کڑھنے میں لگاتے اتنا کام پر فوکس کرتے تو آپ کے صوبوں کا یہ حال نہ ہوتا۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز پنجاب میں مفت ادویات، الیکٹرک بائیکس اور سکالر شپ دے رہی ہیں۔الحمد اللہ مریم نواز نے آج اپنا گھر اپنی چھت میگا پروجیکٹ بھی لانچ کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو پنجاب کے عوام نے مینڈیٹ دیا تو وہ خدمت بھی پنجاب کی ہی کریں گی اور مخالفین دن رات مریم نواز کے بغض، تعصب اور حسد میں جلنے کی ڈیوٹی پانچ سال سر انجام دیتے رہیں گے۔
ایک شخص نے 1 کروڑ نوکریاں، 50 لاکھ گھر دینے کا وعدہ کیا پھر مکر گیا اور ایک جماعت پچھلے 3 سال سے صوبہ سندھ میں 21 لاکھ گھر بنانے کے صرف اعلانات کر رہی ہے۔ایک جماعت ایک صوبے میں 16 سال جبکہ دوسری 11 سال سے حکومت کر رہی ہے۔ ایک حکومت 16 سال بعد بھی کراچی کا کچرا نہیں اٹھا سکی جبکہ دوسری حکومت 11 سال بعد بھی دریاو¿ں کو کراس کرنے والی ڈولیوں سے جان نہیں چھڑا سکی۔
عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں مریم نواز اور ان کی ٹیم بشمول افسران دن رات عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں جبکہ سندھ اور خیبر پختونخواہ کی حکومتیں اپنے صوبوں کی بجائے پنجاب پر نظر رکھنے کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ دونوں حکومتوں کے اپنے ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کا کوئی پرسان حال نہیں اور ان کو فکر پنجاب کے ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی پڑی ہے۔