پنجاب حکومت کا 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو ریلیف دینے کا فیصلہ

نواز شریف کا فی یونٹ میں 14روپے کمی کا اعلان اس مد میں 45 ارب روپے خرچ ہوں گے جو عوام کیلئے باعث اطمینان ہوگا، یہ ریلیف یہیں ختم نہیں ہوگا، مزید ریلیف کیلئے پنجاب میں گھروں کو سولر پینل دئیے جائیں گے ،آج میں کہتا ہوں مجھے کیوں نکالا، مجھے نکالنے والوں نے ملک کے ساتھ ظلم اور ایک جرم کیا تھا ، سازش کرنے والے جواب دیں،صدر مسلم لیگ ن کی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس

لاہور( نیوز ڈیسک ) سابق وزیراعظم نواز شریف نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب حکومت نے ایک سے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو فی یونٹ 14 روپے کمی کردی اور ریلیف دیا جائے،مجھے معلوم ہے عوام مہنگائی کے کرب سے گزر رہے ہیں، میرا اشارہ خاص طور پر مہنگے بجلی کے بلوں کی طرف ہے،لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ مریم نواز کے ہمراہ مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کیلئے بجلی کے فی یونٹ میں 14 روپے کمی کی جائے گی اس مد میں 45 ارب روپے خرچ ہوں گے جو عوام کیلئے باعث اطمینان ہوگا۔
یہ ریلیف یہیں ختم نہیں ہوگا، مزید ریلیف کیلئے پنجاب میں گھروں کو سولر پینل دئیے جائیں گے تاکہ ان کا بجل کا بل مزید کم ہوجائے جس کیلئے پنجاب حکومت 700 ارب روپے خرچ کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے، شہباز شریف سے بھی درخواست ہے کہ وہ پنجاب حکومت سمیت دیگر صوبوں کے ساتھ مل کر عوام کو سولر پینل دینے کیلئے کام کریں۔
مہنگائی کے ذمہ دار ہم نہیں۔

بانی پی ٹی آئی کے دور سے یہ کام شروع ہوا ہم نے تو آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا دوبارہ لانے والے کون ہیں؟۔ذمہ دار وہی ہیں جو آج جیل سے بیٹھ کر بڑھ چڑھ کر باتیں کر رہے ہیں۔ ناقابل معافی ہیں وہ لوگ جو 1600 کے بل کو 18 ہزار روپے کا کر کے چلے گئے ہیں۔ مجھ سے عوام کی حالت دیکھی نہیں جارہی۔ہم نے ریکارڈ مدت میں بجلی کے کارخانے مکمل کر کے بحران پر قابو پایا۔
عوام مہنگائی اور بجلی کے بلوں کی وجہ سے ایک کرب سے گزر رہے ہیں۔ آج میں کہتا ہوں مجھے کیوں نکالا، مجھے نکالنے والوں نے ملک کے ساتھ ظلم اور ایک جرم کیا تھا۔سازش کرنے والے جواب دیں۔ ان کو یہ بات مذاق لگتی ہے ، مجھے نکالنے کی کوئی مناسب وجہ تو بتاتے، مجھے اس لئے نکالا کہ بیٹے سے تنخواہ نہیں لی ، مجھے نکالنے والے ججز سے کسی نے نہیں پوچھا۔
مینارپاکستان جلسے میں بجلی کے بلوں سے متعلق گفتگوکی تھی، مینارپاکستان جلسے میں بتایامیرے دورمیں بجلی کا بل اورآج کتنا ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ جانتے ہیں کہ 21 اکتوبر کو جب مینار پاکستان میں نے گفتگو کی تو میں نے تب بھی بجلی کے مسئلے پر بات کی اور بلوں کو بھی پیش کیا تھا کہ میرے زمانے میں بجلی کا بل کتنا تھا اور آج کتنا ہوگیا ہے۔
میں اس دن سے لے کر آج تک آپ کا کرب محسوس کرتا ہوں اور کر رہا ہوں، میرا ذہن بار بار 2017 کی طرف جاتا ہے اور جانا بھی چاہیے کیونکہ اس وقت اللہ کے کرم سے مہنگائی کا نام و نشان نہیں تھا۔ہمارے زمانے میں دس دس روپے کلو سبزیاں ملتی تھیں۔ ہم نے ڈالر کو 4 سال تک 104 روپے کی سطح پر برقرار رکھا تھا۔ چند ججوں نے بیٹے سے 10 ہزار درہم تنخواہ نہ لینے پر مجھے نکال دیا گیا۔
صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ اس ملک میں آئی ایم ایف کو کون لایا؟ جیل میں بیٹھ کر بڑی بڑی باتیں کرنے والا آئی ایم ایف کو دوبارہ لایا۔ مریم اور شہبازشریف کو کہتا ہوں کہ مہنگائی کا طوفان ختم کریں ۔ میرے دور میں ڈالر 104روپے کا تھا۔ مریم نے گندم ، آٹے کی قیت کو کم کیا۔ ہمارے دور حکومت میں بجلی کے بل کم آتے تھے،آمدن اخراجات سے زیادہ تھی،آسانی سے لوگ زندگی گزار رہے تھے۔
بچے سکول جاتے تھے، پرھتے تھے، بجلی کا بل ادا ہوتا تھا۔ میں سنتا تھا کہ لوگوں کے پاس مہنے کے اختتام پر بچ بھی جاتا تھا اور یہ تو ایک اچھا زمانہ تھا۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت سنبھال کر معیشت کو ٹھیک کیا اور بہترین ترقی والی قوموں میں پاکستان کو شامل کیا۔ اخبار کہتے تھے کہ پاکستان چند سالوں میں معاشی قوت بننے والا ہے اور ہم ڈالر کو بھی 95 روپے پر لے کر آئے پھر ڈار صاحب اور میں نے مشورہ کیا اور اس کو پھر ہم 104 تک لے گئے پھر ہم نے اسے 104 پر رکھا 4 سالوں تک جب تک مجھے نکال نہیں دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ریکارڈ مدت میں بجلی کے کارخانے مکمل کر کے بحران پر قابو پایا جن کا بل آج 18 ہزار آرہا ہے ان کا بل 2017 میں 1600 روپے آتا تھا، مریم نواز نے آتے ہی آٹے کی قیمت میں کمی کی ہے بہت محنت کر رہی ہیں، مریم نواز صحت اور صفائی کیلئے بھی خوب محنت کر رہی ہیں۔ میں اقتدار کا خواہش مند نہیں ہوں میں نے ملک کی خدمت کی ہے ۔ ہم نے موٹر ویز اپنے وسائل نے بنائی ہیں۔ 2017 میں منتخب وزیر اعظم کو نکالنے کے ثبوت بھی موجود ہیں ۔آخریہ سب کچھ کس نے کیا اور کون اس کا ذمہ دار کیا۔ اگر ترقی کا سفر جاری رہتا تو ہم آج ایشین ٹائیگر بن جاتے۔