یاد رکھیں !نااتفاقی اور انتشار ملک کو اندر سے کھوکھلا کرکے بیرونی جارحیت کیلئے راہ ہموار کرتا ہے

افواج پاکستان کو کمزور کرنا پاکستان کو کمزور کرنے کے مترادف ہے، قوم کا پاک فوج پر غیرمتزلزل اعتماد ہمارا قیمتی اثاثہ ہے ، یوم آزادی کے عظیم موقع پرقوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا 77ویں یوم آزادی پرآزادی پریڈ سے خطاب

راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ یاد رکھیں !نااتفاقی اور انتشار ملک کو اندر سے کھوکھلا کرکے بیرونی جارحیت کیلئے راہ ہموار کرتاہے، افواج پاکستان کو کمزور کرنا پاکستان کو کمزور کرنے کے مترادف ہے، قوم کا پاک فوج پر غیرمتزلزل اعتماد ہمارا قیمتی اثاثہ ہے۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے 77ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے77ویں یوم آزادی کے عظیم موقع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہمارے قومی شعور کی بنیاد نظریہ پاکستان ہے، اللہ نے حوصلہ و ہمت دی کہ اس مملکت کا دفاع کرسکیں ، یہ ملک نہ صرف قائم رہنے بلکہ اقوام عالم میں ایک نمایاں مقام حاصل کرنے کیلئے معرض وجود میں آیا۔
آزادی پاکستان علامہ اقبال، قائد اعظم اور لاکھوں لوگوں کی قربانیوں کا ثمر ہے، ہمارے بزرگوں نے اپنے جداگانہ تشخص کی خاطر ہجرت کی صعوبتیں برداشت کیں، اور قربانیاں دیں، آج کے دن ہم تحریک پاکستان کے کارکنان اور قائدین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اورغازیوں اور شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے آزادی کے پرچم کو سربلند رکھا۔ ہمارا آزاد فضاؤں میں زندگی بسر کرنا شہداء کی عظیم قربانیوں کی مرہون منت ہے۔
جس طرح قیام پاکستان کے وقت ہمارے اجداد نے متعدد مشکلات کا سامنا کیا، اسی طرح ہم نے اپنے ارتقائی دور خاص طور پر ماضی قریب میں متعدد چیلنجز کا بخوبی مقابلہ کیا۔ کسی بھی مشکل نے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کیا۔ آزمائش میں ہمیشہ ہمارے قومی جذبے کو تقویت ملی، من حیث القوام ہم ہمیشہ ہر مشکل کے بعد اور بھی زیادہ مضبوط بن کر ابھرے، جس میں فوج کا کردار کلیدی رہا ہے ۔
یاد رکھیں ! نااتفاقی اور انتشار ملک کو اندر سے کھوکھلا کرکے بیرونی جارحیت کیلئے راہ ہموار کردیتا ہے۔ قوم کا پاک فوج پر غیرمتزلزل اعتماد ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہے ، یہ مضبوط رشتہ ہر مشکل میں ہماری قوت بن کر حوصلوں اور جذبوں کو بڑھانے کا ذریعہ ہے، افواج پاکستان کو کمزور کرنا پاکستان کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔ مجھے پختہ یقین ہے کہ کوئی منفی قوت اعتماد اور محبت کے رشتے کو نہ کبھی کمزور کرسکی ہے اور نہ کرسکے گی، افواج پاکستان نے ملک کے اندرونی اور بیرونی دفاع کی قسم کھا رکھی ہے۔
جس کی آبیاری روزانہ کی بنیاد پر وہ اپنے خون سے کررہی ہے۔ ہم کسی بھی قیمت پر اپنی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، انشاء اللہ ۔ آرمی چیف نے کہا کہ عالمی اور علاقائی سطح پر تیزی سے تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں، جن کی رفتار اور نوعیت غیرمعمولی ہے، ان تبدیلیوں میں پاکستان کا مقام خطے اور مسلم دنیا ، بین الاقوامی سطح پر اہمیت کا حامل رہا ہے۔
ہم دنیا میں اپنی امن پسندی اور اصولوں پر مبنی مئوقف کی وجہ سے نمایاں مقام رکھتے ہیں۔

اللہ تعالی کے عطا کردہ قدرتی وسائل اور جفاکش عوام، جوانوں کی بدولت پاکستان کا روشن اور تابناک ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے خطے میں دہشتگردی انتہاپسندی کے عزائم رکھنے والی قوتیں سرگرم عمل ہیں، عوام افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردی کا کامیابی سے مقابلہ کیا ہے۔
دہشتگردی کیخلاف نہ صرف بے پناہ قربانیاں دی ہیں بلکہ آنے والے وقتوں میں بھی کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا مصمم ارادہ رکھتے ہیں۔ انسداد دہشتگردی کیلئے کثیرالجہتی حکمت عملی ، استحکام قومی عزم کا استعارہ سلامتی کی ضامن اور وقت کا اہم تقاضا ہے۔آج بالخصوص ہمارے صوبے خیبرپختونخواہ میں فتنہ الخوارج المعروف کالعدم ٹی ٹی پی کی ریاست اور شریعت مخالف کاروائیوں کی وجہ سے دہشتگردی کے فتنے نے دوبارہ سراٹھایا ہے۔
جس کی سرکوبی کیلئے افواج پاکستان اور ادارے برسر پیکار ہیں، اسی فتنے کے بارے چند دن پہلے علماء و مشائخ کرام سے بات کرتے ہوئے میں نے کہا تھا کہ اگر تم شریعت اسلام اور آئین پاکستان کو نہیں مانتے تو ہم بھی تمہیں پاکستانی نہیں مانتے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خاص طور پر ہمارے پختون بھائیوں نے جرات اور قربانیوں کی جو لازوال داستان رقم کی ہے اس پر پوری قوم ان کو سلام پیش کرتی ہے، اور جس طرح فساد فی الارض کو پھیلانے والی طاغوتی قوتوں کے سامنے افواج پاکستان بشمول قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ خیبرپختونخواہ کے عوام سیسہ پلائی دیوار کی مانند پچھلے 22سال سے کھڑے ہیں، قوم آپ کو سلام پیش کرتی ہے اور آپ کی مرہون احسان ہے۔
میں پاکستان بالخصوص خیبرپختونخواہ کی عوام کو اللہ کے احکامات کی روشنی میں یقین دلاتا ہوں کہ آپ فساد فی الارض کیخلاف جنگ لڑ رہے ہیں، اللہ کے وعدوں کے مطابق فتح انشاء اللہ ہماری ہوگی۔
آرمی چیف نے قرآن پاک کی آیات اور ترجمہ پڑھ کر سنایا ۔ قرآن پاک میں سورة المائدہ کی آیت نمبر 33 میں اللہ تعالیٰ نے فرماتاہے کہ ”بے شک جو لوگ اللہ اور اس کے رسول( ﷺ )سے جنگ کرتے ہیں اور زمین میں فساد انگیزی کرتے ہیں، ان کی سزا یہی ہے کہ وہ قتل کردیئے جائیں، یا سولی چڑھا دیئے جائیں، یا کاٹ دیئے جائیں ان کے ہاتھ اور پاؤں مخالف سمتوں سے ،یا نکال دیئے جائیں وہ اپنے ملک سے، یہ ان کیلئے رسوائی ہے دنیا میں ، اور ان کیلئے آخرت میں عذاب عظیم ہے“
سورة المائدہ کی آیت نمبر 56 میں اللہ تعالیٰ نے فرماتا ہے کہ”اور یہ جنگ جو اس کے راستے میں لڑ رہے ہوتے ہیں ان کو فتح کی نوید دیتا ہے، بے شک اللہ کی جماعت ہی غالب رہے گی“
سورة ال عمران کی آیت نمبر 139اور 140میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ ” اور کمزور نہ پڑو، اور غم نہ کرو، تم ہی غالب ہوگے ،اگر تم مومن ہو، اگر تمہیں زخم لگے ہیں ، تو تمہارے مخالف بھی تو ایسے ہی زخمی ہوئے ہیں، ہم دنوں کو لوگوں کے درمیان بدلتے رہتے ہیں“