پیپلز پارٹی جمہوریت کو مضبوط بناکر ملکی ترقی ، اتحاد کو آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہے : بلاول

کراچی : ( نیوز ڈیسک ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کو مضبوط بناکر ملکی ترقی ، اتحاد کو آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوم آزادی پر پیغام میں کہا کہ تمام پاکستانیوں کو 77واں یوم آزادی کی دلی مبارکبادہو ۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں جمہوریت، آئین اور مساوات کے بنیادی اصولوں کی پاسداری کو یقینی بنائیں گے، 1973 کا آئین تحریک آزادی کے جذبے کا مظہر ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ 1973 کا آئین ملک کےمستقبل کے لئے ایک متفقہ لائحہ عمل ہے، ہم قوم کے بانی اجداد کے وژن کے عین مطابق جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں، پیپلز پارٹی جمہوریت کو مضبوط بناکر ملک کی ترقی اور اتحاد کو آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ جشنِ یوم آزادی کے موقع پر اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، اپنے ان بزرگوں کو سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے ہماری آزادی اور خودمختاری کے لیے جدوجہد کی، آج کا دن قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن اور ان کے جمہوری نظریات کی عکاسی کرنے کا دن ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ آج کا دن چیلنجوں کا سامنا کرنے اور اپنے ماضی سے سیکھنے کا بھی دن ہے، ہمارا ملک ایک مثالی آئین پسند اور جمہوریت پسند لیڈر نے قائم کیا تھا۔

ان کاکہنا تھا کہ آج کا دن چیلنجوں کا سامنا کرنے اور اپنے ماضی سے سیکھنے کا بھی دن ہے، ہمارا ملک ایک مثالی آئین پسند اور جمہوریت پسند لیڈر نے قائم کیا تھا، دیکھنے کی ضرورت ہے کہ اس کے باوجود کیوں ہمارے ملک کو آمرانہ حکمرانی کے ادوار کا سامنا کرنا پڑا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آمرانہ ادوار حکمرانی نے بنیادی آزادیوں اور حقوق کو کمزور کیا، پیپلز پارٹی بانی اجداد کے اصولوں اور وژن پر کاربند ہے، قائد عوام شہید بھٹو کا نظریہ اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا فلسفہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری کا مفاہمت اور قومی اتحاد کا وژن چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باعثِ امید اور طاقت ہے، پیپلز پارٹی دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھے گی، پیپلز پارٹی قوم کو مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کی دلدل سے نکالنے کے لئے پرعزم ہے۔