9 مئی واقعات میں قوی امکان ہے کہ عمران خان کا ٹرائل آرمی کورٹ میں ہوگا

وی لاگرز اور تجزیہ کار جو غلط کو درست کہتے تھے ان کا بھی احتساب ہونے جارہا ہے، ٹاپ سٹی کیس معمولی کیس ہے، اصل میں جس گینگ نے بغاوت کا پلان بنایا تھا اس کے خلاف کاروائی ہوگی، سینیٹر فیصل واوڈا

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) سینئر سیاسی رہنماء سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ 9 مئی واقعات میں قومی امکان ہے کہ عمران خان کا ٹرائل آرمی کورٹ میں ہوگا، وی لاگرز اور تجزیہ کار جو غلط کو درست کہتے تھے ان کا بھی احتساب ہونے جارہا ہے، ٹاپ سٹی کیس معمولی کیس ہے، اصل میں جس گینگ نے بغاوت کا پلان بنایا تھا اس کے خلاف کاروائی ہوگی ۔
سابق وفاقی وزیر ، سینیٹر فیصل واوڈا نے نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کئی مہینے پہلے بتا دیا تھا کہ جو خاص ہے وہ پاکستان کی تباہی کی بڑی وجہ ہے، چاہے جمہوری ہو ، اسٹیبلشمنٹ کا یا آئین قانون کا نقصان ہو، یہ تو ہونا ہی تھا، یہ بہت زبردست فیصلہ ہوا ہے، جو جو لوگ اس پشت پناہی میں تھے، سمیت اس خاص فیض حمید کے جو پی ٹی آئی کو انتہاکی تباہی تک لے کر گئے ہیں، ان کے ساتھ مل کر ساری گیم کرتے رہے ہیں، جتنے بھی لوگ پشت پناہی میں ملوث ہیں ، یہ ابھی شروعات ہے، بڑے بڑے بت اور طرم خانوں نے گرنا ہے۔
جو آئین قانون کے ٹھیکیدار ہیں ان سب کی باری آنی ہے، فوج نے بڑا زبردست کام کیا، فوج نے بتایا کہ جنرل عاصم منیر کی شکل میں بڑی ایماندار قیادت ہے، جنہوں نے انصاف کے معاملے میں اپنے پرائے میں کوئی فرق نہیں رکھا، آئندہ دنوں اس میں ارشد شریف قتل کی چیزیں کھلتی نظر آئیں گی، پاکستان کیلئے یہ بہت خوش آئندہ ہے، دیرآئد درست آئد، جہاں تک فوج کا نقصان تو کیا ہے آج بھی کررہا ہے، ٹاپ سٹی والا کیس مزید کھلے گا تو اور لوگ بھی ملوث ہوں گے، یہ ابھی شروعات ہے، وہ جو پاکستان کے باپ بنے ہوئے ہیں وہ سمجھ لیں انڈیکیٹر آگیا ہے۔
سمجھ سمجھ کے سمجھ کو سمجھو، سمجھ سمجھ کے سمجھ کو سمجھنا بھی ایک سمجھ ہے، جو سمجھ سمجھ کے نہ سمجھا میری سمجھ میں وہ نہ سمجھ ہے۔ پی ٹی آئی کی 9مئی سے لے کر آج تک جو پشت پناہی کررہے ان کا بھی ٹائم آگیا ہے۔ پاکستان کی حالیہ تباہی 9مئی اورعمران خان سے لے کر فیض حمید تک جڑ تک پہنچ گئے ہیں، یہ بات صرف مالی کرپشن تک نہیں رہے گی، اس میں مداخلت، جمہوریت، سیاست کو نقصان ، پاکستان اور ادارے کو نقصان ، سب کا احتساب ہوگا۔
ہم نے اس وقت بھی کہا تھا، اور فیض حمید سے ٹکر لی تھی، ایک بڑا بت گرایا اور زبردست کام کیاہے، اب کوئی پاکستان کا باپ بننے کی کوشش نہیں کرے گا، جو بھی باپ بنے گا اس کا احتساب ہوگا، فیض حمید کے ساتھ اور لوگ بھی عبرت کا نشان بنیں گے۔ اس میں سیاسی لوگ بھی ہیں، فرشتے اور طرم خان بھی ہیں۔ پاکستان کی ترقی کو کوئی نہیں روک سکتا۔ سمجھ لیں آج سے پاکستان کی ترقی اور آزادی کا سفر شروع ہوگیا ہے، سب اچھے بچے بن کر پاکستان کیلئے کام کریں گے۔