عمران خان صرف چیف جسٹس عامر فاروق کی وجہ سے جیل میں ہیں، علیمہ خان

بانی پی ٹی آئی نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ پر عدم اعتماد کیا لیکن وہ پھر بھی سابق وزیراعظم کے کیسز سے علیحدہ نہیں ہورہے۔ عمران خان کی ہمشیرہ کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ عمران خان صرف چیف جسٹس عامر فاروق کی وجہ سے جیل میں ہیں۔ اسلام آباد میں احاطہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جو چیف جسٹس بیٹھے ہوئے ان کو نہیں نظر آرہا کہ 2 مہینے سے ایک کیس جس کے بارے میں کہہ رہے ہیں غیر قانون ہے اس پر چیف جسٹس عامر فاروق سماعت منسوخ کردیتے ہیں، انہیں وہ کیس سننے کی جلدی نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ پر عدم اعتماد کیا لیکن وہ پھر بھی سابق وزیراعظم کے کیسز سے علیحدہ نہیں ہورہے۔
علیمہ خان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کو ہمیں عزت دینی چاہیئے کیوں کہ جب وہ سائفر کیس کی سماعت کر رہے تھے تو ہمارے تمام وکیلوں نے مشورہ دیا تھا واک آؤٹ کرجائیں 6 ججز چھوڑ چکے ہیں، لیکن ہم نے ان کی عزت کی کہ نہیں یہ ہمیں انصاف دیں گے، اب اگر ہم نے پر عدم اعتماد کیا ہے تو یہ کیس کسی اور جج کو بھیج دیں، ان کو لوگوں کا موڈ دیکھ کر سمجھ نہیں آرہی کہ انہیں اس کا سامنا کرنا پڑے گا انصاف دیا کہ نہیں دیا۔
علاوہ ازیں سابق وزیراعظم کی ہمشیرہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے پہلے 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج لائیں اگر پی ٹی آئی کے لوگ تنصیبات جلانے میں ملوث پائے گئے تو معافی مانگوں گا، عمران خان نے کہا 9 مئی کے واقعات میں ملوث لوگوں کو پارٹی سے نکالوں گا اور سزا بھی دلواؤں گا، بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے آپ جانتے ہیں ہمارا کوئی رکن اس میں ملوث نہیں ہے اس لیے معافی آپ مانگیں کیوں کہ آپ نے ہم پر ظلم کیے ہیں۔