راشد محمود لنگڑیال نئے چیئرمین ایف بی آر تعینات، نوٹیفکیشن جاری

اس سے قبل گریڈ 21 کے افسر راشد محمود لنگڑیال سیکریٹری پاور تعینات تھے

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) حکومت نے راشد محمود لنگڑیال کو چیئرمین ایف بی آر تعینات کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سیکریٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال کو نیا چیئرمین ایف بی آر تعینات کیا گیا، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ان کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے راشد محمود لنگڑیال کو چیئرمین ایف بی آر تعینات کرنے کا فیصلہ گزشتہ روز ہوا کیوں کہ موجودہ چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) امجد زبیرٹوانہ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ امجد زبیر ٹوانہ نے پہلے حکومت سے درخواست کی کہ انہیں عہدے سے ہٹایا جائے اور دو روز تک حکومتی جواب کا انتظار کرنے کے بعد انہوں نے اپنا استعفیٰ تحریری طور پر وزیراعظم کو ارسال کردیا، مستعفی ہونے سے قبل امجد زبیر ٹوانہ نے 2 سے زائد وفاقی وزراء سے بھی بات کی جنہوں نے انہیں عہدہ چھوڑنے کا مشورہ دیا۔
ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ گریڈ 21 کے ان لینڈ ریونیو سروس کے افسر امجد زبیر ٹوانہ نے مدت ملازمت مکمل ہونے کے بعد اگلے سال 25 فروری کو ریٹائرڈ ہونا تھا لیکن اس وقت فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں 21 سے زیادہ افسران امجد زبیر ٹوانہ سے سینئر ہیں اور ادارے کے سینئر افسران ان کے ساتھ تعاون نہیں کرتے تھے، جس کی وجہ سے امجد زبیر ٹوانہ نے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے چیئرمین ایف بی آر کے عہدے سے سبکدوشی کے لیے پہلے حکومت کو آگاہ بھی کیا، اس مقصد کے لیے انہوں نے حکومت کو تحریری مراسلہ بھجوایا۔
یاد رہے کہ ملک امجد زبیر ٹوانہ کو گزشتہ برس اگست میں چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) تعینات کیا گیا تھا، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ملک امجد زیبر ٹوانہ کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا، اس کے علاوہ ملک امجد زبیر ٹوانہ کو سیکریٹری ریونیو ڈویژن کا اضافی چارج بھی دیا گیا تھا، نگران حکومت نے گریڈ 22 کے متعدد سینئر افسران کو نظر انداز کرکے گریڈ 21 کے افسر ملک امجد زبیر ٹوانہ کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا چیئرمین تعینات کیا، ادارے کے تقریباً 20 سے 30 سینئر افسران کو نظر اندازکرکے چیئرمین ایف بی آرکے عہدے پر ملک امجد زبیر ٹوانہ کی تعیناتی کی گئی تھی۔