یہ جماعت اشاروں پر چلتی ہے جو آخر میں سب دھرے کا دھرا رہ جاتا ہے،اس جماعت کو عوام نے مسترد کردیا اسی لئے انکے پاس دھرنے کا ہی آپشن بچا تھا،رہنماءایم کیو ایم کی گفتگو
کراچی( نیوز ڈیسک ) متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ دھرنا دینے والوں کو پتہ لگ گیا وزیراعظم آئی پی پیز پر تحقیقات کرانے کے موڈ میں نہیں، دھرنا دینے والی جماعت اشاروں پر چلتی ہے جو آخر میں سب دھرے کا دھرا رہ جاتا ہے۔نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جماعت اشاروں پر دھرنے کرتی ہے۔
آخر میں سب دھرے کا دھرا رہ جاتاہے۔ اس جماعت کو عوام نے مسترد کردیا اسی لئے انکے پاس دھرنے کا ہی آپشن بچا تھا۔ وزیراعظم کو کہا آئی پی پیز کا بوجھ عوام پر پڑرہا ہے فی الفور ختم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم آئی پی پیز کے مسئلے پر انکے پاس گئی جن کے اختیار میں فیصلے ہیں۔پتہ لگنا چاہیے معاہدوں میں کہاں مجبوریاں اور کہاں بدنیتی تھی۔
زیادہ آئی پی پیز پاکستانیوں کی ہیں۔ نام اور جس بات پر دئیے وہ بھی بتائیں۔ہم چاہتے ہیں کہ آئی پی پیز کا مسئلہ حل کیا جائے اور عوام کی مشکلات کم کی جائیں ۔کیونکہ عوام اس وقت شدید پریشانی میں مبتلا ہیں ۔متحدہ قومی موومنٹ نے اس مسئلے پر وزیراعظم شہباز شریف سے تفصیلی گفتگو کی ہے اور ان سے درخواست کی ہے کہ وہ ذاتی دلچسپی لیکر معاملے کو حل کرائیں تاکہ عوام کو ریلیف دیا جاسکے۔
گفتگو کرتے ہوئے رہنماءایم کیو ایم کا مزید کہنا تھا کہ کراچی سندھ کے بجٹ کا 97 فیصد دیتاہے۔لیکن افسوس کہ میئر کراچی اس میں سے شہر کیلئے 5 فیصد بھی نہیں لے پارہا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کراچی کے ساتھ جو کررہی ہے وہ نالائقی نہیں بلکہ سوچی سمجھی سازش ہے اور اس کانقصان شہر قائد کے باسیوں کوہورہا ہے۔ کراچی اور حیدرآباد کا بلدیاتی نظام مکمل طو رپرناکام ہو چکا ہے۔ پیپلز پارٹی کا میئر یہ گلہ نہیں کرسکتا اسکے پاس اختیارات نہیں ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کے پاس وزیراعظم سے بھی زیادہ اختیارات ہیں اب اگر یہ اس کو استعمال نہیں کر سکتے تو اس میں قصور کس کا ہے ۔