عمران خان فوج سے بات رہائی کیلئے نہیں بلکہ اداروں کی آئینی حدود کیلئے کررہے ہیں

ڈیل کرنی ہوتی تو وہ جیل ہی نہ جاتے،مخصوص نشستیں ہمارا حق ہے، حکومت عدالتی فیصلہ ماننے کی بجائے قانون سازی کررہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے رہنماء عامر ڈوگر

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پی ٹی آئی کے رہنماء عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ عمران خان فوج سے بات جیل سے رہائی کیلئے نہیں، آئینی حدود میں رہنے کی کررہے ہیں ، ڈیل کرنی ہوتی تو جیل ہی نہ جاتے،عدالتی فیصلہ ماننے کی بجائے قانون سازی کررہے ہیں۔ انہوں نے نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر الیکشن نتیجہ فارم 45 کے مطابق آئے تو پھر بات ٹھیک ہے۔
قومی اسمبلی میں ن لیگ کے پاس 17 سیٹیں ہیں، کبھی ایسا نہیں ہوا کہ 17 سیٹوں والی جماعت کو 121 سیٹیں دے دی جائیں۔ ن لیگ کے سربراہ نوازشریف خود یاسمین راشد سے الیکشن ہارے ہیں، پارلیمنٹ اور وزیراعظم کی کیا وقعت رہ جاتی ہے؟ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ تو ن لیگ نے لگایا تھا، پھر کیوں ڈِگی میں بیٹھ کر چلے گئے اور اپنے بیانیہ کو دفن کردیا۔
جس طرح حکومت میں آئے ہیں کون نہیں جانتا؟ مخصوص نشستیں ملنا ہمارا حق ہے، سپریم کورٹ کے فل کورٹ نے فیصلہ کردیا ہے، ان کو فیصلہ قبول نہیں تو پارلیمنٹ میں قانون سازی کررہے ہیں؟ سپریم کورٹ کے فیصلے پر بات کرسکتے ہیں لیکن فیصلے کو بدلا نہیں جاسکتا۔

عمران خان فوج سے بات جیل سے رہائی کیلئے نہیں، آئینی حدودمیں رہنے کی کررہے ہیں ، ڈیل کرنی ہوتی تو جیل ہی نہ جاتے۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنماء طلال چودھری نے کہا کہ چھوٹے تھے تو شیخ چلی کے خواب کہانی سنتے تھے، کیا یہ سیاستدان ہیں؟انہوں نے کبھی کونسلر کا الیکشن بھی براہ راست نہیں لڑا، یہ حکومت گرانے کی جمع تفریق کیسے کررہے ہیں؟ یہ اکتوبر کی بات کررہے ؟ یہ اکتوبر 2029 تک بھی کچھ نہیں کرسکتے۔
وفاقی حکومت کا تو کوئی کہہ دے کہ پیپلزپارٹی ناراض ہوگئی، ہمارے پاس سادہ اکثریت نہیں ہے۔ لیکن پنجاب میں سادہ اکثریت سے بھی زیادہ ووٹ ہیں، پی ٹی آئی سے محبت والے جج صاحبان کے اتنے سخت فیصلے ہیں کہ اب فلور کراسنگ تو بارڈر کراسنگ لگتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیسی پارلیمنٹ ؟ قانون بناتی ہے بچا نہیں سکتی، عدالت آئین ری رایٹ کردیتی ہے، کیسی پارلیمنٹ کہ کوئی اختیار ہی نہیں ؟ اس سے تو بہتر میونسپل کارپوریشن ہے ان کے پاس کوئی اختیار تو ہے۔عمران خان کا فارمولہ ہے کہ استعمال کرو اور پھینک دو۔ ہمارے لئے پی ٹی آئی مشکل نہیں ، ہمیں مشکل ہے کہ لوگوں کو زندگیوں کو آسان کیسے بنانا ہے۔