انتظامیہ اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کے درمیان مذاکرات کامیاب، دھرنا ختم

گوادر: ( نیوز ڈیسک ) ضلعی انتظامیہ اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، آج سے صوبے بھر کی تمام قومی شاہراہیں کھول دی جائیں گی۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے گوادر سمیت بلوچستان بھر میں تمام دھرنےختم کرنےکا اعلان کردیا گیا، بلوچ یکجہتی کمیٹی کی ڈاکٹر ماہ رنگ اور ڈپٹی کمشنرگوادرنے معاہدے پردستخط کیے، صوبائی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق انتظامیہ اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد موبائل نیٹ ورک بحال کردیے گئے ہیں جبکہ تمام راستوں سے رکاوٹیں ہٹا کر راستے بھی کھول دیے جائیں گے۔

اعلامیہ کے مطابق بلوچ یکجہتی کمیٹی دھرناختم ہونے کے بعد گرفتار افراد کو رہا کیا جائے گا، واضح رہے کہ گوادر سمیت صوبہ بھر میں مختلف مقامات پر بلوچ یکجہتی کمیٹی کے دھرنوں کے باعث قومی شاہراہ سمیت مختلف سڑکیں بند تھیں جس سے کراچی، خضدار، حب، قلات، سوراب، تربت، پنجگور اور گوادر جانے والی ٹریفک متاثر تھی۔