لاہور: ( نیوز ڈیسک ) چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کو جان سے مارنے کی دھمکی پر تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے نائب امیر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ٹی ایل پی کے نائب امیر پیر ظہیر الحسن شاہ کیخلاف تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں ایس ایچ او حماد حسین کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔
مقدمے میں انسداد دہشتگردی ایکٹ، مذہبی منافرت، فساد پھیلانے، عدلیہ پر دباؤ ڈالنے، اعلیٰ عدلیہ کو دھمکی، کار سرکار میں مداخلت اور قانونی فرائض میں رکاوٹ ڈالنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق پریس کلب کے باہر احتجاج میں پیر ظہیر الحسن نے اعلیٰ عدلیہ کیخلاف نفرت پھیلائی، ٹی ایل پی نائب امیر نے جسٹس فائز عیسیٰ کا سر لانے والے کو 1 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا۔
ٹی ایل پی کے نائب امیر سمیت 1500 کارکن پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔