وزیرِاعلیٰ علی امین گنڈاپور کو آفر کرتا ہوں کہ وہ سندھ آئیں تو وہاں ان کا ذہنی علاج مفت کراتا ہوں۔ فیصل کریم کنڈی کی میڈیا سے گفتگو
پشاور ( نیوز ڈیسک ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے علی امین گنڈاپور کے بقول گورنر کی وجہ سے انہیں ذہنی کوفت اٹھانا پڑی، اس لیے ہرجانے کا نوٹس بھیجا، وزیرِاعلیٰ علی امین گنڈاپور کو آفر کرتا ہوں کہ وہ سندھ آئیں وہاں ان کا ذہنی علاج مفت کراتا ہوں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ اگر صوبے کے حالات ٹھیک نہیں کرسکتے تو استعفیٰ دے دیں کیوں کہ صوبے میں امن و امان کی صورتِ حال خراب ہے، اس صورتحال میں حالات بہتر کرنے کے لیے پھر کیا کریں، آپریشن کے بغیر کوئی آپشن ہے تو بتائیں؟ ہم بھی آپریشن نہیں چاہتے لیکن امن و امان پر کوئی سیاست نہیں کر رہے ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں کہ وہ اپنے حلقے میں نہیں گھوم سکتے انہیں خطرہ ہے، عزم استحکام آپریشن پر تمام سیاسی جماعتوں کو آن بورڈ لینا چاہیے تھا، ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیرِاعلیٰ علی امین گنڈاپور نے آپریشن سے اختلاف نہیں کیا تھا۔
ایک سوال کے جواب میں فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے 9 مئی میں جو ملوث ہے انہیں سزا دینی چاہئے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام ہو ، ماضی میں پی ٹی آئی کے وکلاء نے ہمیشہ اپنی پارٹی کو پھنسایا اور مشکلات پیدا کیں، عمران خان پہلے اپنے کیسز ختم کریں پھر وزیرِ اعظم کا خواب دیکھیں کیوں کہ پی ٹی آئی پر اب یہ نوبت آگئی ہے کہ احتجاج بھی نہیں کرسکتی، پی ٹی آئی کہتی ہے احتجاج کی اجازت نہیں ملتی، ہم تو بغیر اجازت کے جلسے اور احتجاج کرتے تھے۔
گورنر کے پی یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی تمام جماعتوں کی کمیٹی بنائے وفاقی حکومت کے سامنے مطالبات پیش کرے کوئی جنگ نہیں ہے، وزیراعلی خیبرپختونخوا کے ساتھ نہ سرد اور نہ گرم جنگ ہے، صوبے کی ترقی میں ساتھ دیں گے، عوامی جلسے میں خطاب کچھ اور ہوتا ہے جب کہ سرکاری اجلاس میں کچھ اور ہوتا ہے، وفاقی حکومت کے ساتھ دلیل کے ساتھ بات کرنی چاہے، ترقی کے عمل میں دیگر صوبوں کے ساتھ مقابلہ کرنا ہے ، اس کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے، صوبے کی ثقافت کو فروغ دینا ہے تاکہ یہاں کا مثبت تشخص سامنے آئے۔