ملکی معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات کررہے ہیں، وزیر خزانہ

کوشش ہے نچلے طبقے پر ٹیکس کا بوجھ نہ ڈالا جائے، ٹیکسز بڑ ھانے کے لیے عوام کو سہولیات دینا ہوں گی۔ محمد اور نگزیب کی پریس کانفرنس

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات کررہے ہیں اور کوشش رہے ہیں کہ نچلے طبقے پر ٹیکس کا بوجھ نہ ڈالا جائے، ٹیکسز بڑ ھانے کے لیے عوام کو سہولیات دینا ہوں گی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر ٹیکس کے حوالے سے بات چیت چل رہی ہے، ٹیکسز بڑھانے کے لیے عوام کو سہولیات دینا ہوں گی، تاجر دوست اسکیم متعارف کرائی ہے، تاجروں کے لیے ٹیکسیسشن کے عمل کو انتہائی آسان کردیا ہے، میں سیلری کلاس سے ہی یہاں آیا ہوں، کوشش رہی ہے کہ نچلے طبقے پر ٹیکس کا بوجھ نہ ڈالا جائے، ٹیکس کے واجبات ادا کرنے سے معیشت مضبوط ہوگی۔
وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ گزارش ہے آپ میرے ساتھ مل کر ملکی معیشت کی بہتری کے لیے آواز اٹھائیں، ڈیجیٹائلزیشن کی وجہ سے ہمیں گزشتہ دو ماہ میں دو تین چیزیں سمجھ میں آئی ہیں، میں اپنی بات کرتا ہوں کہ میں جو سفر کرتا ہوں، کریڈٹ کارڈ استعمال کرتا ہوں یا پھر کسی بھی قسم کی گاڑی یا گھر رکھتا ہوں تو وہ اس کا سارا ڈیٹا موجود ہے اور اس کے علاوہ کہ میں ٹیکس کتنا ادا کرتا ہوں، اسی بنیاد پر ہم نے 4.9 ملین فائلرز کا ڈیٹا اٹھایا، اس حوالے سے کچھ مسائل بھی آرہے ہیں کہ میرا ڈیٹا استعمال کرکے کہیں کہ آپ ہمارے ساتھ ڈیل کرلیں یعنی اس میں کرپشن بھی ہے اور کسی کو ہراساں کرنا بھی شامل ہے لیکن وہ اب نہیں ہوسکے گا کیوں کہ ڈیٹا ہی سب سے بڑا ثبوت ہوگا۔