ہیلتھ انفارمیشن اینڈ سروس ڈیلیوری یونٹ، پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی میں بھرتیوں کی منظوری، پی پی ایس سی ملازمین کا کمیشن الاؤنس بڑھانے کی سفارش بھی منظور کرلی گئی
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کا پانچواں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں میں ڈپٹی کمشنر، کمشنرز او رسیکرٹریز کے مالیاتی اختیارات بڑھانے کی منظوری دی گئی اور ہیلتھ انفارمیشن اینڈ سروس ڈیلیوری یونٹ اورپنجاب بھر میں اینٹومولوجسٹ اور اسسٹنٹ اینٹومولوجسٹ کی خالی آسامیوں پر بھرتی کی منظوری دی گئی۔
پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی میں بھی بھرتیوں کی منظوری دی گئی اور پنجاب آرکیٹکچر ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کیلئے آرکیٹکچر الاؤنس کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پی پی ایس سی ملازمین کا کمیشن الاؤنس بڑھانے کی سفارش بھی منظور کر لی گئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ماڈل بازار ہوم ڈیلیوری پراجیکٹ رائیڈرز کیلئے بائیکس خریداری کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں ملتان اور بہاولپور کے ریجنل بلڈ سنٹرز کے آر ٹی ای ایچ ٹی کے ساتھ معاہدے کی ایک سال کیلئے توسیع کی گئی۔ ملتان انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز کیلئے گرانٹ میں اضافہ کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلی مر یم نوازشریف نے صوبہ میں بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر قائم کرنے کاجائزہ لینے کی ہدایت کی۔ گورنمنٹ پبلک لائبریری روشن بھیلہ قصورکا نام تبدیل کرکے جاوید محمود پبلک لائبریری روشن بھیلہ قصور مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔
سینیٹر پرویز رشید، سینئر وزیر مریم اورنگزیب، وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، چیئرمین پی اینڈ ڈی، ایس ایم بی آر، سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ مزید برآں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بارش کے دوران روڈز کو کلیئر رکھنے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ لاہور اور دیگر شہروں میں ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔
شہریوں کی مدد کیلئے ٹریفک وارڈن فیلڈ میں فعال انداز میں فرائض سرانجام دیں۔ ٹریفک پولیس روڈز کو کلیر کرائے، ٹریفک جام نہیں ہونا چاہیے۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے لاہور سمیت تمام شہروں میں نکاسی آب کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی- وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ عملہ اور افسر پانی کی نکاسی مکمل ہونے تک فیلڈ میں رہیں – مرکزی سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے لیے بلا تعطل کام کیا جائے- بارش کے بعد سڑکوں بازاروں اور گلیوں میں پانی نظر نہیں آنا چاہیے۔
انہو ں نے کہاکہ انتظامیہ اور واسا متحرک رہیں، نکاسی آب کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا ئیں۔۔ نشیبی علاقوں سے عوام کی بروقت محفوظ مقامات پر منتقلی یقینی بنانے اور عوام کو صورتحال سے پیشگی خبردار کیا جائے۔ انہوں کہاکہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ پی ڈی ایم اے کی طرف سے جاری کردہ احکامات اور ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔کسی سڑک پر بارش کا پانی زیادہ دیر تک کھڑا نہیں ہونا چاہیے۔