مخصوص نشستوں کا فیصلہ آنے کے بعدپی ٹی آئی پھر9 مئی کی ڈگر پر چل پڑی ہے

وہ بیانات سلوگن وہی نعرے بازی ہورہی، یہ چیز قابلِ اطلاق نہیں لگ رہی، پارلیمنٹ مخصوص نشستوں کے معاملے پر کھڑی ہوگئی، اگر آئین آئین کھیلنا ہے تو پھر سب آئین آئین ہی کھیلیں گے۔سینئر سیاستدان سینیٹر فیصل واوڈا

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) سینئر سیاستدان سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ مخصوص نشستوں کا فیصلہ آنے کے بعدپی ٹی آئی پھر 9مئی کی ڈگر پر چل پڑی ہے، وہ بیانات سلوگن وہی نعرے بازی ہورہی ، یہ چیز قابلِ اطلاق نہیں لگ رہی، پارلیمنٹ مخصوص نشستوں کے معاملے پرکھڑی ہوگئی، اگر آئین آئین کھیلنا ہے تو پھر سب آئین آئین ہی کھیلیں گے۔
انہوں نے نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مخصوص نشستوں کا عدالتی فیصلہ آنے کے بعد پی ٹی آئی پھر 9مئی کی ڈگر پر چل پڑی ہے، بیانات سلوگن وہی نعرے بازی، یہ چیز اپیلی کیبل نہیں لگ رہی ، آئین میں تین دن لکھا ہے فلورکراسنگ کی اجازت نہیں، تشریح 15دن کا آجاتا ہے اور فلور کراسنگ کی اجازت دی گئی ہے، جو ہیڈ ہے وہ ابھی ہیڈ نہیں ہے کیونکہ انٹراپارٹی الیکشن نہیں ہوئے۔
آئین میں ترمیم کرنا اور قانونی سازی پارلیمنٹ کا کام ہے جبکہ سپریم کورٹ کا کام صرف تشریح کرنا ہے، اس میں کنفیوژن پیدا ہوگئی ہے۔ اگر آئین آئین کھیلنا ہے تو سب آئین آئین کھیلیں گے، پہلے فیز میں الیکشن کمیشن، دوسرے نمبر پر پارلیمنٹ اور تیسرے پر اسپیکر اور چوتھے نمبر پرایوان صدر ہے۔ پارلیمنٹ اس کیخلاف کھڑی ہوگئی ہے، پارلیمنٹ کسی ادارے سے تصادم نہیں چاہتی۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان 2002 سے دہشتگرد کے خلاف تسلسل سے لڑتی آرہی ہے اور شہادتیں بھی دے رہی ہے، دہشتگردی ڈیجیٹل ہے ریاست کے خلاف بارڈر کے اندر یا بارڈر کے باہر ہے یا پھر سیاست میں ہے، اس کو فوج ایڈریس کرے گی، 9 مئی کے حساب سے یہ بالکل واضح ہے، یہ بڑا واضح ہے کہ عمران خان پر کیسز ہیں وہ باہر نہیں آئیں گے ، اسی طرح حکومت کہیں نہیں جارہی، نہ ہی ٹیکنوکریٹ حکومت آرہی ہے۔
یہ ملک میرا آپ کا فوج کا ہی نہیں عدالتوں کا بھی ان کو بھی ایک قدم پیچھے ہٹنا پڑے گا۔ اس موقع پرپی ٹی آئی کے رہنماء زین قریشی نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جماعت پر پابندی لگانا اتنا آسان کام نہیں ہے، آپ نے دیکھا وزیراطلاعات نے دھواں دھار پریس کانفرنس کی اس کے بعد حکومت اپنے مئوقف میں تبدیلی لار ہی ہے، رانا ثناء اللہ نے بھی کہا کہ پہلے معاملہ کابینہ میں جائے گا۔ پی ٹی آئی کی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے، 8 فروری کے الیکشن میں 3 کروڑ پاکستانیوں نے ووٹ دیا ہے، آج بھی مخصوص نشستوں کا فیصلہ کروا لیں پارلیمان میں بھی پی ٹی آئی سب سے بڑی جماعت ہے ۔