چیف الیکشن کمشنر اور ارکان آئینی ذمے داری ادا کرنے میں ناکام رہے، ان کے اقدامات سے 12 کروڑ سے زائد ووٹرز متاثر ہوئے، چیف الیکشن کمشنر اور ارکان پر عائد الزامات کی انکوائری کی جائے۔ شکایت کا متن
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور ممبران کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایت دائر کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایت سابق اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی اور پی ٹی آئی رہنماء حلیم عادل شیخ، جسٹس ریٹائرڈ نورالحق قریشی اور شبیر احمد نے مشترکہ طور پر دائر کی ہے، شکایت کے متن میں کہا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور ارکان آئینی ذمے داری ادا کرنے میں ناکام رہے، انہوں نے تحریک انصاف کے مینڈیٹ اور عدالتی فیصلوں کو نیچا دکھانے کی کوشش کی، چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کے اقدامات سے 12 کروڑ سے زائد ووٹرز متاثر ہوئے، اس لیے چیف الیکشن کمشنر اور ارکان پر عائد الزامات کی انکوائری کی جائے۔
اسی طرح پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر کابھی کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر مستعفی نہیں ہوتے تو سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کریں گے،ملک میں آرٹیکل 6 اس سے پہلے بھی لگ چکے ہیں ہمارے خلاف سیاسی بنیادوں پر تمام کاروائیاں کی جارہی ہیں، حکومت ایک دن پی ٹی آئی پر پابندی اور آرٹیکل 6 لگانے کا فیصلے کرتی ہے اور اگلے ہی دن اپنے اعلان پر شرمندگی کااظہار کرتی ہے ،حکومت کی بوکھلاہٹ صاف نظر آرہی ہے ، جعلی حکومت پی ٹی آئی کیخلاف انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہے لیکن ہم ان کی باتوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا سوچا بھی تو ہم عدالتوں کادروازہ کھٹکھائیں گے ، پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے پاپولر جماعت ہے، پیپلز پارٹی پی ٹی آئی پرپابندی لگانے کے فیصلے میں حکومت کے ساتھ نہیں ہے، ملک کی تمام سیاسی جماعتوں نے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے حکومتی فیصلے کی مذمت کی ہے ، حکومت چاہتی ہے ملک سے پی ٹی آئی کا خاتمہ ہو جائے اور یہ اپنی من مرضیاں کرتے رہیں لیکن ان کو یہ معلوم نہیں کہ عوام پی ٹی آئی کے ساتھ ہے ، یہ ظلم کی رات جلد ختم ہونے والی ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کو زیادہ دیر اندر نہیں رکھا جاسکتا۔