ججز کو ڈرانے کے لیے مارشل لاء کی باتیں ہو رہی ہیں، فواد چوہدری

ٹریبونلز کو تبدیل نہ کرنے کا چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا بڑا اچھا فیصلہ ہے، مریم نواز کو خطرہ ہے اگر فارم 45 کھلے تو ان کی سیٹ خطرے میں ہے۔ سابق وفاقی وزیر کی گفتگو

لاہور ( نیوز ڈیسک ) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سیاسی کیسز ریٹائرڈ ججز کے پاس لگانا مناسب نہیں، مریم نواز کو خطرہ ہے اگر فارم 45 کھلے تو ان کی اپنی سیٹ خطرے میں ہے۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف الیکشن کمیشن کا ریویو دائر نہ کرنے کا فیصلہ اچھا ہے، الیکشن کمیشن کو چاہیئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ بھی تسلیم کرے، مریم نواز کو خطرہ ہے اگر فارم 45 کھلے تو ان کی اپنی سیٹ خطرے میں ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹریبونلز کو تبدیل نہ کرنے کا چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا بڑا اچھا فیصلہ ہے، چیف جسٹس نے تو اپنے ججز کے ساتھ ہی کھڑے ہونا تھا، ایک ثاتر یہ ہے کہ ججز کو ڈرانے کے لیے مارشل لاء کی باتیں ہو رہی ہیں، سیاسی کیسز ریٹائرڈ ججز کے پاس لگانا مناسب نہیں، حاضر سروس ججز کو ہی یہ کیس سننے چاہئیں۔
ادھر لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں فواد چوہدری و دیگر کی عبوری ضمانتوں میں 7 اگست تک توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی، قبل ازیں لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں فواد چوہدری، حافظ فرحت عباس سمیت دیگر کے خلاف لاہور کی راحت بیکری کے باہر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی، عدالت نے تفتیشی افسر کو تفتیش مکمل کرنے کا آخری موقع دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر تفتیش مکمل نہ ہوئی تو میں قانون کے مطابق فیصلہ کر دوں گا۔

فواد چوہدری یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ ریٹائرڈ ججوں کی دوبارہ تعیناتی سے مرضی کے فیصلے آئیں گے، جو ججز ریٹائرڈ ہوچکے ہیں، ان کی سیاسی وابستگیاں ہیں، پاکستان کے ہر شہری، وکیل کی خصوصی طور پر یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس ناانصافی کے خلاف کھڑے ہوں، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور لاہور کے وکلا ءنے اس کیخلاف آواز بلند کرنا ہے اور اپنی جدوجہد کو لیڈ کرنا ہے باقی سارا پاکستان ان کے ساتھ ہوگا۔
اگر یہ سب ہوجاتا ہے تو پھر ہمارے انسانی حقوق کے ساتھ ساتھ سیاسی حقوق بھی ختم ہیں، پھر چاہے جو مرضی کرتا پھرے مرضی کے فیصلے دئیے جائیں گے، وہ ججز جو آئین کے ساتھ کھڑے ہیں وہ ججز جو پاکستان میں دستور کی بالادستی کیلئے خطرات کا سامنا کررہے ہیں ان سب کو عملی طور پر پھر فارغ کردیا جائے گا۔