عمران خان کی 6، بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں ضمانت کی درخواست پر دلائل طلب

اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت اسلام آباد نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی 6 اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر آئندہ سماعت پر دلائل طلب کر لئے۔ ایڈیشنل اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی، پی ٹی آئی وکیل خالد یوسف چودھری عدالت میں پیش ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ بیرسٹر سلمان صفدر لاہور ہائی کورٹ میں ایک کیس میں مصروف ہیں، لہٰذا ضمانت کی درخواستوں پر سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کی جائے۔

جج نے ریمارکس دیئے کہ اب جلدی سماعت نہیں رکھی جا سکتی، سماعت چھٹیوں کے بعد ستمبر تک ملتوی ہوگی، اس پر وکیل نے استدعا کی کہ آئندہ ہفتے رکھ لیں، بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دینے ہیں، جج افضل مجوکا نے بتایا کہ آئندہ ہفتے تو کیسز کا کافی رش ہے۔

بعد ازاں عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو عمران خان کو ویڈیو لنک یا فزیکلی حاضری کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ضمانت کی درخواستوں پر دلائل طلب کر لئے۔

اسی کے ساتھ سیشن عدالت نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 30 جولائی تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ عمران خان کے خلاف تھانہ ترنول میں 2 ، ایک ایک مقدمہ تھانہ رمنا، سیکرٹریٹ، کوہسار اور تھانہ کراچی کمپنی میں درج ہے جبکہ بشریٰ بی بی کے خلاف تھانہ کوہسار میں توشہ خانہ جعلی رسیدوں کا مقدمہ درج ہے۔

بانی پی ٹی آئی کے خلاف ایک جعلی رسیدوں کا اور 5 مقدمات 9 مئی واقعات کے تناظر میں درج ہیں۔