مریم نواز کی عاشورہ انتظامات پر انتظامیہ و سکیورٹی اداروں کو شاباش

لاہور: ( نیوز ڈیسک ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عاشورہ کے انتظامات اور سکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبائی وزراء، کیبنٹ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کو سراہا جبکہ عمدہ انتظامات پر چیف سیکرٹری اور ان کی پوری ٹیم کو شاباش دی، وزیراعلیٰ نے عاشورہ کے شاندار سکیورٹی انتظامات پر آئی جی اور پوری پولیس ٹیم کی تعریف کی۔

انہوں نے پنجاب میں پہلی بار حکومت کی طرف سے عزاداروں کے لئے نیاز اور سبیلوں کا اہتمام کرنے پر کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کو بھی شاباش دی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ انتظامیہ، پولیس اور دیگر تمام اداروں نے ٹیم کی مانند یکجا ہو کر کام کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ عاشورہ پر ڈویژن اور اضلاع میں سکیورٹی مانیٹرنگ کرنے والے وزراء قابل تحسین ہیں، اپنی ٹیم پر فخر ہے، سب نے مل جل کر خوب کام کیا۔