نہیں چاہتے کسی پر پابندی لگے مگر پی ٹی آئی سیاسی پیرامیٹر پر پورا نہیں اترتی: سعید غنی

کراچی: ( نیوز ڈیسک ) سندھ کے وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ اگر سیاسی حالات خراب ہوں تو معاشی صورتحال خراب ہوتی ہے، سپریم کورٹ کا جو فیصلہ آیا اس طرح کے فیصلے نہ آئیں تو زیادہ بہتر ہے۔ اپنے ایک بیان میں سعید غنی نے کہا ہے کہ عدم اعتماد پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ہٹایا تھا، اگر حالات کے مطابق فیصلے ہوں گے تو پھر کیسے چلے گا، پیپلز پارٹی نہیں چاہتی کسی پر پابندی لگے مگر پی ٹی آئی سیاسی پیرامیٹر پر پورا نہیں اترتی۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے مزید کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ملکی صورتحال پر بہت خوش ہو گا، وہ چاہتا ہے اس کی ذات پر آنچ نہیں آنی چاہیے، اس طرح کا رویہ سیاستدان کا نہیں ہوتا ہے، ہمارے ہاں مخالفین نے مائنڈ سیٹ بنایا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ بارش چل رہی ہوتی ہے اور پانی دکھانا شروع کر دیتے ہیں، بارش رکنے کے بعد دیکھیں کتنی دیر میں پانی نکلا، کراچی میں جب کہتے تھے دنیا کا بہترین میئر تھا اس دور میں شہر بند رہا۔