’میاں تم باتیں تو آدمیوں جیسی کرتے ہو لیکن بخدا جذبات تمہارے گھوڑے جیسے ہیں‘

ڈاکٹرعارف علوی نے عطا تارڑ کو مشتاق احمد یوسفی کے قول کے ذریعے جواب دے دیا

کراچی ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اور سابق صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے وفاقی وزیر عطا تارڑ کو جواب دینے کے لیے مشتاق احمد یوسفی کا قول پوسٹ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کبھی کبھی ٹیلی وژن دیکھتے ہوئے، بلخصوص آج کی ایک پریس کانفرنس کے بعد مشتاق احمد یوسفی صاحب مرحوم بہت یاد آئے، کچھ دوستوں کی وجہ سے اُن سے ایک نیاز مندی تھی اور کراچی میں ہر چند ماہ بعد کھچڑی کی دعوت پر ضرور ملاقات ہوتی تھی۔
ڈاکٹر عارف علوی نے حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مشتاق احمد یوسفی اپنے ایک دوست مرزا سے کہتے تھے کہ “میاں تم باتیں تو آدمیوں جیسی کرتے ہو لیکن بخدا جذبات تمہارے گھوڑے جیسے ہیں”، اس میں عقل کا ذکر نہیں ہے ورنہ وہ کسی اور جانور سے بھی تشبیح دے سکتے تھے۔
قبل ازیں اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے سابق صدر عارف علوی، بانی پی ٹی آئی عمران خان اور سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کا کیس چلایا جائے، ان تینوں اشخاص کے خلاف وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد ریفرنس سپریم کورٹ کو بھجوایا جائے گا، پی ٹی آئی رہنماﺅں نے ملک دشمن قوتوں کو تقویت دی ہے، ان معاملات میں ملوث تمام افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ سیاہ کوسفید کریں، کبھی سائفرکا ڈرامہ اور کبھی 9 مئی حملہ کریں انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں، کوئی بھی کیس ہو یہ یہی تاثر دینے کی کوشش کرتے ہیں کہ انہیں کوئی ہاتھ نہیں لگا سکتا، یہ کچھ بھی کریں، ملک کے خلاف سازش کریں، فارن فنڈنگ لیں، بیرون ملک لابنگ کریں، فرمز ہائی کریں، پاکستان کے خلاف قراردادیں پاس کرائیں، بس بہت ہوگیا اب مزید نہیں، پاکستان تحریک انصاف اور ملک ایک ساتھ نہیں چل سکتے، ملک کو آگے جانا ہے تو شر پسند عناصر پر پابندی لگانا ہی پڑے گی۔