حکومت حواس باختہ ہو چکی ہے ،سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ان کے پاﺅں سے زمین نکل گئی ہے ،اسد قیصر

ایسا کوئی بھی فیصلہ ایک دم سیاسی عدم استحکام پیدا کرے گا، پی ٹی آئی کو روکنے کا کوئی اور طریقہ کامیاب نہ ہوا تو یہ پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگا کر بھی دیکھ لیں،شبلی فراز کا حکومتی پریس کانفرنس پر ردعمل

اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءاسد قیصر کا کہنا ہے کہ حکومت حواس باختہ ہو چکی ہے ،سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ان کے پاﺅں سے زمین نکل گئی ہے ،حکومت نے پی ٹی آئی کیخلاف ہرحربہ استعمال کرلیاہے۔حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے اعلان پر اپنے ردعمل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماءپی ٹی آئی نے کہا کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ حکومت اپنی مرضی کے فیصلے مسلط کرے۔
ہم حکومتی فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہونے دیں گے ۔ حکومت کی خواہش پر صرف ہنسا ہی جا سکتا ہے۔حکومت ہوش کے ناخن لے اور ملک کو مزید بحرانوں سے بچائے ۔ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، حکومت کا ہر فورم پر مقابلہ کریں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماءشبلی فراز نے کہا کہ حکومت ملک کو مزید انتشار کی جانب لیکر جانے کی کوشش کر رہے ہیں، ایسا کوئی بھی فیصلہ ایک دم سیاسی عدم استحکام پیدا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس میں دیکھنے کی کوئی چیز نہیںتھی بس سننے کی باتیں تھیں۔ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت پی ٹی آئی کو روکنے کا کوئی اور طریقہ کامیاب نہ ہوا تو یہ پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگا کر بھی دیکھ لیں۔افسوس اس بات کا ہے کہ ملک کا کسی کو خیال نہیں۔ان کاکہنا تھا کہ ان نااہلوں کو اپنی باتوں کے نتائج کا علم نہیں۔
کور کمیٹی کے ساتھ مشاورت کے بعد حکومت کو باضابطہ جواب دیں گے۔ منفی سوچ والی یہ خود کو جمہوری پارٹیاں کہتی ہیں۔پیپلزپارٹی کیلئے وقت ہے کہ وہ خود کو بھٹو کی پارٹی ثابت کرے۔قانون میں سیاسی جماعت پر پابندی کی کوئی گنجائش نہیں میں ۔ ملک میں سیاست کرنے کا حق ہر سیاسی پارٹی کو ہے ۔ حکومت پر تنقید کرنا ہمارا جمہوری حق ہے حکومت ہمیں اس سے نہیں روک سکتی ۔ اب اگر ان کو ہماری تنقید پسند نہیں آتی تو اس میں ہمارا کوئی قصور نہیں ہے ۔یہ ملک میں آمرانہ فیصلے کرنا چاہتے ہیں جس کی ان کی بالکل اجازت نہیں دی جائیگی۔