الیکشن کمیشن کی کارکردگی افسوسناک اور شرمناک رہی، الیکشن کمشنر نے پی ٹی آئی کیخلاف ذاتی بغض و عناد پر مبنی مہم چلائی، الیکشن کمشنر سازشی ٹولے کے تمام غیر آئینی اقدامات کا امین رہا۔ ترجمان صوبائی حکومت کا بیان
پشاور ( نیوز ڈیسک ) حکومت خیبرپختونخوا نے الیکشن اور مخصوص نشستوں کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر اور اراکین سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں ترجمان خیبر پختونخوا حکومت بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی کارکردگی افسوسناک اور شرمناک رہی، چیف الیکشن کمشنر نے پی ٹی آئی کے خلاف ذاتی بغض و عناد پر مبنی مہم چلائی اور الیکشن کمشنر سازشی ٹولے کے تمام غیر آئینی اقدامات کا امین رہا۔
الیکشن کمیشن کو ہدف تنقید بناتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ رجیم چینج کے بعد چیف الیکشن کمشنر نے پی ڈی ایم کی غیر جمہوری حکومت کے غیر آئینی اقدامات سے صرف نظر کیا جب کہ الیکشن کمیشن نے بار بار بڑی ڈھٹائی کے ساتھ عدالتی احکامات اور آئینی تقاضوں کو پامال کیا، الیکشن کمیشن نے تمام غیرآئینی اقدامات پر آنکھیں بند کی ہوئی تھیں، مگر تمام ہتھکنڈوں کے باوجود عوام نے پی ٹی آئی کو الیکشن میں سرخرو کیا۔
بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں طویل نگران سیٹ اپ اور مسلسل غیر آئینی تسلسل پر آنکھیں بند کیں اور تاریخ میں پہلی بار خیبر پختونخوا میں دو بار نگراں سیٹ اپ کا قیام عمل میں لایا گیا، الیکشن کمیشن نے ایک غیر آئینی اقدام سے پی ٹی آئی کو بلے کے نشان سے محروم کیا اور بغیرنشان کے الیکشن میں حصہ لینے پر مجبور کیا گیا، پی ٹی آئی کے ساتھ قبل ازانتخابات، دوران انتخابات اور بعد میں بھرپوردھاندلی کی گئی۔