پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 7 ارب ڈالر کا سٹاف لیول معاہدہ طے

اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان 7 ارب ڈالر کا سٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا۔ آئی ایم ایف اعلامیے کے مطابق 37 ماہ پر مشتمل پروگرام کی حتمی منظوری آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ دے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نئے سٹاف لیول معاہدے کے تحت پاکستان کو 7 ارب ڈالر 37 ماہ کے عرصہ میں ملیں گے۔

آئی ایم ایف اعلامیے کے مطابق پروگرام میں مالیاتی اور مانیٹری پالیسی کو مضبوط بنانے کے اقدامات، ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنا شامل ہیں، پاکستان کو 2023 سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت حاصل معاشی استحکام کی بنیاد پر توسیعی فنڈکی سہولت میسر ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ گزشتہ ایک سال میں پاکستان میں مہنگائی میں کمی اور زر مبادلہ کے ذخائر بہتر ہوئے، پاکستان میں معاشی استحکام کو فروغ حاصل ہوا، نیا قرض پروگرام پاکستان میں معاشی استحکام کا باعث بنے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ معاشی استحکام کیلئے پاکستان ٹیکس آمدنی بڑھائے گا، قرض پروگرام کے دوران جی ڈی پی میں ٹیکسوں کا حصہ تین فیصد تک بڑھایا جائےگا، ریٹیل سیکٹر میں بھی ٹیکس نیٹ بڑھایا جائے گا ۔

آئی ایم ایف اعلامیے کے مطابق وفاق اور صوبوں کو مشترکہ معاشی کوششوں کی ضرورت ہے، معاشی اخراجات کیلئے 18 ویں ترمیم کے تحت اخراجات میں منصفانہ تقسیم کو ازسر نو دیکھنا ہوگا، صوبوں میں تعلیم، صحت عامہ اور پبلک انفراسٹرکچر پر اخراجات بڑھانا ہوں گے، آمدن بڑھانے کیلئے صوبوں کو سیلز اور زرعی ٹیکس بڑھانا ہوگا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ یکم جنوری 2025 تک وفاق اور صوبوں کو انفرادی اور کارپوریٹ انکم ٹیکس سے متعلق ضروری قانون سازی بھی کرنا ہوگی۔

آئی ایم ایف اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان مقاصد کے حصول کیلئے پاکستان کو باہمی دوستوں کی مدد بہت اہم ہوگی۔