اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) وفاقی حکومت نے 16 اور 17 جولائی کو عام تعطیل کرنے کا اعلان کردیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے نویں اور دسویں محرم الحرام کے باعث 2 روز کی چھٹیوں کی منظوری دی ہے، وزیراعظم کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے 2 روزہ تعطیلات کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
علاوہ ازیں وفاقی حکومت محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں جلوسوں کے لیے فوج تعیناتی کی منظوری دے چکی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کتنی تعداد میں اور کہاں فوج تعینات ہونی ہے اس کا فیصلہ صوبے کریں گے جبکہ فوج کی واپسی سے متعلق فیصلہ باہمی مشاورت سے کیا جائے گا۔
اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی فوج تعینات کی جائے گی، تاہم فوج تعیناتی کا فیصلہ آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت کیا گیا۔