لاہور: ( نیوز ڈیسک ) سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ فی الحال عملی سیاست میں آنے کا کوئی اراداہ نہیں۔ لاہور میں انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران اسد عمر نے نئی سیاسی جماعت کے حوالے سے کیے سوال کے جواب میں کہا کہ شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کو نئی سیاسی جماعت بنانے پر گڈ لک کہتا ہوں، وہ بھی اس ملک کو بہتر کرنے کی کوشش کریں۔
انہوں نے کہا کہ میں ان کی نئی سیاسی جماعت کا حصہ نہیں بنوں گا، آپ میری حالت دیکھ لیں، مجھ سے چلا بھی نہیں جا رہا، میں نے کیا سیاست کرنی ہے، ابھی عملی سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
عدالت پیشی
قبل ازیں 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواست کے سلسلے میں اسد عمر انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت سابق وفاقی وزیر نے عدالت سے استدعا کی کہ میری سرجری ہوئی ہے بڑی مشکل سے چل کر آیا ہوں، میری حاضری مکمل ہوچکی ہے مجھے واپس جانے کی اجازت دے دیں۔
بعدازاں عدالت نے اسد عمر کو حاضری مکمل ہونے پر واپس جانے کی اجازت دے دی۔