امن اور انصاف کی طرف قدم بڑھائیں، قیدی نمبر 804 کی طرف سے وعدہ کرتا ہوں وہ بدلہ نہیں لے گا، درگذر کرے گا اور حل نکل آئے گا۔ سابق صدر مملکت کا بیان
کراچی ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اور سابق صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ اب بھی وقت ہے تباہ کن ضد اور نفرت چھوڑیں، امن اور انصاف کی طرف قدم بڑھائیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شیریں مزاری جھوٹ نہیں بولتی ہیں، مجھے یقین ہے کہ یہ حقیقت ہے اور میں خود ان سے یہ روداد سن چکا ہوں، بڑے اقسوس اور بڑی شرم کی بات ہے جنہوں نے یہ کیا وہ کون ہیں؟ کیا وہ ہیں جو دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہیں؟ یا وہ ہیں جو سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں؟ یا وہ ہیں جنہوں نے کہا کہ ہم آئین میں اپنا رول پہچانتے ہیں یا وہ ہیں جنہوں نے آئین پڑھا نہیں؟ یا وہ ہیں جنہوں نے جناح صاحب کی کوئٹہ گیریسن کی تقریر نہیں سنی؟۔
سابق صدر پاکستان کا کہنا ہے کہ میں کس کی مذمت کروں؟ ادارہ تو میرا اپنا ہے اور میرے وطن کا محافظ ہے مگر قیادت گمراہی کی طرف گامزن ہے، گمراہی تین اقسام کی ہوتی ہے، پہلی راستہ جان بوجھ کے غلط پکڑا، دوسری راستہ بھول گئے اور گم ہو گیا، تیسری اب پریشانی ہے لیکن انا بیچ میں ررکاوٹ ہے کہ واپس کیسے جائیں، لیکن اب بھی وقت ہے کہ تباہ کن ضد اور نفرت چھوڑیں، امن اور انصاف کی طرف قدم بڑھائیں میں قیدی نمبر 804 کی طرف سے وعدہ کرتا ہوں وہ بدلہ نہیں لے گا بلکہ درگزر کرے گا اور حل نکل آئے گا۔
ڈاکٹر عارف علوی خبردار کرچکے ہیں کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ وہ مینڈیٹ کی چوری، بربریت، گرفتاریوں اور قتل کے ذریعے پاکستانیوں پر سوار ہو سکتے ہیں تو بڑے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ وہ ایک مہلک غلط فہمی کا شکار ہیں، ان کی یہ سواری جلد ہی ختم ہو جائے گی، یا تو عوام کے ہاتھوں کچل دیے جائیں گے، یا پھر یہ جان بچا کر اُس سرزمین کی طرف بھاگ جائیں گے جہاں ان کی چوری شدہ دولت موجود ہے۔