مظالم کے خلاف عمران خان نے بھوک ہڑتال کا عندیہ دے دیا: علی محمد خان

اسلام آباد:( نیوز ڈیسک )رہنما تحریک انصاف علی محمد خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے بھوک ہڑتال کا عندیہ دیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف علی محمد خان کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا القادرٹرسٹ کیس کا ٹرائل چلا، بانی پی ٹی آئی نے ہم سب سے گفتگو کی،بانی پی ٹی آئی کے ساتھیوں کو کل ان سے ملنے نہیں دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ اگر میرے ساتھ ظلم بند نہیں ہوا تو ساتھیوں سے مشورہ کرکے بھوک ہڑتال پر جائیں گے،اگر بانی پی ٹی آئی بھوک ہڑتال پر گئے تو پورے پاکستان میں بھوک ہڑتالی کیمپ لگیں گے۔

علی محمد خان کا کہنا تھا کہ معاملات کاسیاسی حل کیوں نہیں نکل رہا؟ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ وہ کسی صورت نہیں جھکیں گے، بانی پی ٹی آئی نے کل اسلام آباد میں جلسہ کے بارے میں کارکنوں کیلئے پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرا پیغام حقیقی آزادی ہے ، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے میرے لوگوں سے کہو حقیقی آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے غلامی کسی صورت منظور نہیں، یہاں ہر شخص اپنی رائے دینے میں آزاد ہے، پارٹی میں کوئی گروپنگ نہیں ہے صرف ایک گروپ ہے وہ بانی پی ٹی آئی گروپ ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا پارٹی میں آنے والوں کا فیصلہ میں کروں گا۔

رہنما تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے بجٹ میں مہنگائی کا بم گرایا گیا، آج پورے ملک میں پٹرول کی قیمتوں ،مہنگائی کے خلاف احتجاج ہورہے ہیں ، بانی پی ٹی آئی تو 2سال سے اقتدار سے باہر ہیں،یہ سب کون کررہا ہے، بانی پی ٹی آئی کے دور میں مہنگائی بہانہ تھی۔