رمضان شوگر مل ریفرنس میں حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست دوبارہ منظور

شہبازشریف کی جانب سے وکیل نے حاضری مکمل کروائی‘عدالت کا آئندہ سماعت پر حمزہ شہبازکا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کرنے کا حکم

لاہور( نیوز ڈیسک ) لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگر مل ریفرنس میں حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دوبارہ منظور کرلی ہے نجی ٹی وی کے مطابق احتساب عدالت لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر مل ریفرنس کی سماعت ہوئی. دوران سماعت مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کے وکیل کی جانب سے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست کی گئی، احتساب عدالت کے جج ندیم گلزار نے ریفرنس پر سماعت کی.
احتساب عدالت کے جج نے حمزہ شہباز کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہر مرتبہ پرائیویٹ ہسپتال کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کر دیتے ہیں، آئندہ اگر میڈیکل پیش کرنا ہو تو سرکاری ہسپتال کا پیش کریں. عدالت نے کہا کہ حمزہ شہباز کی کمر کی میڈیکل رپورٹس بھی آئندہ پیش کی جائیں بعد ازاں عدالت نے حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی دوسری جانب شہباز شریف کے وکیل انوار حسین ایڈووکیٹ نے پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی، عدالت نے کیس کی مزید کاروائی 5 اگست تک ملتوی کردی واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر بھی حمزہ شہباز کی حاضری سے معافی کی درخواست منظورکرتے ہوئے آج پیش ہونے کا حکم جاری کیا تھا جبکہ وزیراعظم شہبازشریف نے وکیل کے ذریعے حاضری مکمل کروائی تھی.