وزیراعظم نے تاجکستان کو کراچی بندرگاہ سے تجارت کی دعوت دیدی

دونوں ممالک کے تعلقات کی بلندی سے باہمی طور پر مفید اقتصادی تعاون کے نئے شعبوں میں تعاون کو فروع ملے گا، دیگر وسطی ایشیائی ممالک سے بھی روابط بڑھائیں گے۔ تاجک ہم منصب سے ملاقات میں گفتگو

دوشنبے ( نیوز ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف نے تاجکستان کو کراچی بندرگاہ پر تجارت کی دعوت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے دورے کے دوران تاجک ہم منصب قاہر رسول زادہ سے ملاقات کی، اس دوران وزیراعظم نے پاجکستان کو کراچی بندرگاہ تجارت کے لیے استعمال کرنے کی دعوت دی، اس کے علاوہ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور تاجکستان کے مابین موجودہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا۔
بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے تاجک ہم منصب کو تیسری اعلیٰ سطح کی آبی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد دی اور آبی سفارت کاری کے شعبے میں تاجکستان کے قائدانہ کردار کو سراہا، اسٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کو پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں ایک تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی اس بلندی سے باہمی طور پر مفید اقتصادی تعاون کے نئے شعبوں میں تعاون کو فروع ملے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنے ویژن سینٹرل ایشیا پالیسی کے مطابق تاجکستان سمیت وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ روابط کے مزید فروغ کو جاری رکھے گا، خطے کی پائیدار اور طویل مدتی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے علاقائی روابط کی کلیدی اہمیت کو سمجھتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان ریل ٹریکس اور سڑکوں کی تعمیر سے علاقائی روابط کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے، تاجک اور پاکستانی عوام کے مابین مذہبی اور ثقافتی اقدار مشترک ہیں اور دونوں ممالک کے مابین سماجی روابط کو مزید توسیع دینے کی ضرورت ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ ملاقات میں وزیراعظم نے وسط ایشیائی ممالک کو تجارتی راہداری فراہم کرنے اور علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے پاکستان کی جانب سے علاقائی کنیکٹیویٹی سمٹ کی میزبانی کی تجویز پیش کی، پاکستان اور تاجکستان کے مابین شروع ہونے والی حالیہ بین الاقوامی پروازوں کا خیر مقدم کیا، ان پروازوں کی تعداد میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا، وزیر اعظم نے ثقافت، تعلیم، کھیلوں اور عوام سے عوام کے روابط کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کا بھی اعادہ کیا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف سے تاجکستان پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کے چیئرمین نے بھی ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت پرتبادلہ خیال کیا، دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی سطح پر تعاون کے حوالے سے اطمینان کا بھی اظہار کیا گیا، ملاقات میں پارلیمانی فرینڈشپ گروپس اورباقاعدہ پارلیمانی تبادلوں کومضبوط کرنے پراتفاق کیا گیا، وزیراعظم نے آئین تاجکستان کی 30 ویں سالگرہ پر چیئرمین ایوان زیریں کومبارکباد دی، شہباز شریف نے کہا کہ اراکین پارلیمٹ کادونوں ممالک کےعوام کو قریب لانے میں اہم کردار ہے۔