چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جسٹس ملک شہزاد،جسٹس عقیل احمد اور جسٹس شاہد بلال حسن سے حلف لیا،جسٹس شجاعت علی خان نے قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) سپریم کورٹ کے تین نئے ججز نے عہدے کا حلف اٹھا لیا،جسٹس ملک شہزاد احمد خان، جسٹس عقیل احمد عباسی اور جسٹس شاہد بلال حسن نے بطور سپریم کورٹ جج حلف اٹھا یا،حلف برداری کی تقریب میں سپریم کورٹ میں ہوئی، تقریب حلف برداری کا باقاعدہ آغازتلاوت کلام پاک سے ہوا۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جسٹس ملک شہزاد ، جسٹس عقیل عباسی اور جسٹس شاہد بلال حسن سے عہدے کا حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں سپریم کورٹ کے ججز اٹارنی جنرل اور وکلاءنے شرکت کی۔ڈاکٹر قبلا ایاز نے سپریم کورٹ کی شریعت اپیلیٹ بینچ کے ایڈہاک جج کے طور پر حلف اٹھایا۔قبلہ ایاز 3 سال کیلئے بطور ایڈہاک جج تعینات رہیں گے۔چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے جسٹس قبلہ ایازسے حلف لیا، ڈاکٹر قبلہ ایاز کی تعیناتی سے سپریم کورٹ میں شریعت اپیلیٹ بینچ بھی مکمل ہوگیا۔
تین نئے ججز کے حلف اٹھانے کے بعد سپریم کورٹ میں ججزکی کی آسامیاں مکمل ہوگئیں۔دریں اثناءجسٹس شجاعت علی خان نے قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے قائم مقام چیف جسٹس سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور صوبائی وزراءنے شرکت کی، جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس عابد عزیز شیخ بھی شریک ہوئے۔
جسٹس سید شہباز رضوی، جسٹس شہرام سرور سمیت اعلیٰ حکام بھی تقریب میں شریک ہوئے۔لاہور ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس شجاعت علی خان کو قائم مقائم چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ تقرری کا نوٹیفکیشن گزشتہ روز جاری کیا گیا تھاجبکہ سپریم کورٹ میں 3 ججوں کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی گزشتہ روز ہی جاری کیا گیا تھا۔نوٹیفکیشن میں جسٹس عقیل احمد عباسی، جسٹس ملک شہزاد احمد خان اور جسٹس شاہد بلال حسن کی بطور جج سپریم کورٹ آف پاکستان میں تعیناتی کی منظوری دی گئی تھی۔واضح رہے کہ وزارتِ قانون نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی منظوری کے بعد ججز کی تعیناتیوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔صدرِ مملکت نے آئین کے آرٹیکل 177 کے تحت ان تعیناتیوں کی منظوری دی تھی۔