انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ملک اعجاز اصف نے کیس کی سماعت کی،عدالت نے تمام ملزمان کو26 جون کو سماعت کیلئے اڈیالہ جیل عدالت پیش ہونے کی ہدایت کردی
راولپنڈی( نیوز ڈیسک ) انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے 9مئی کے پرتشدد واقعات کے حوالے سے تھانہ کینٹ میں درج مقدمات میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور ،پی ٹی آئی رہنماءزر تاج گل سمیت دیگر کے سمن جاری کر دئیے ، عدالت کے جج ملک اعجاز اصف نے کیس کی سماعت کی۔عدالت نے تمام ملزمان کو26 جون کو سماعت کیلئے اڈیالہ جیل عدالت پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ملک اعجاز اصف نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور، پارلیمانی لیڈر زرتاج گل، محمد اشرف سوہنا اور مہر محمد جاوید کی طلبی کے سمن جاری کئے۔ ملزمان کو تھانہ کینٹ میں درج مقدمہ میں طلبی کے سمن ایس ایچ او کے ذریعے جاری کئے گئے۔دوسری جانب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب ،ایم این اے زرتاج گل ، شبلی فراز اور فواد چوہدری کو نو مئی کے مقدمات میں فیصل آباد میں انسداد دہشتگری عدالت سے ضمانت مل گئی۔
پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان بطور وکیل عدالت میں پیشے ہوئے عدالت نے چاروں رہنماوں کو ایک ایک لاکھ کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ۔ بابر اعوان کا کہنا تھا ایک حوالدار، ایک اے ایس آئی اور ایک کانسٹیبل کو مہرہ بنا کر پورے پنجاب میں ہمارے لیڈرز اور کارکنان کو درجنوں مقدمات میں گھسیٹا گیا۔ جو غیر آئینی اور غیر قانونی ہے جبکہ پولیس کے پاس دہشت گردی کا کوئی ریکارڈ ہے اور نا ہی کوئی ثبوت پیش کیا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل آج لاہور کی انسداد دہشتگر دی عدالت نے 9مئی کے مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے 44کارکنان کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی تھی ۔جج ارشد جاوید نے 9 مئی کو قصور میں جلاو گھیراو اور توڑ پھوڑ کے مقدمات پر سماعت کی تھی۔ مقدمات میں نامزد پی ٹی آئی کے 44 کارکنان عدالت کے روبرو پیش ہوئے تھے۔عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے 44 کارکنان کی عبوری ضمانتوں میں 3 ستمبر تک توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی تھی۔ تحریک انصاف کے 44 کارکنان پر 9 مئی کو قصور میں جلاو گھیراو اور توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔