وزیراعلیٰ پنجاب کا تمام ڈویژنزمیں دستک ایپ سروسز شروع کرنے کا حکم

لاہور: ( نیوز ڈیسک ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تمام ڈویژنز میں” مریم کی دستک” ایپلی کیشن کی 65 سروسز شروع کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں میں دستک پراجیکٹ میں توسیع کی منظوری دی گئی، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے “مریم کی دستک” پراجیکٹ میں توسیع پر بریفنگ دی۔

دوران اجلاس بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈومیسائل، ای سٹیمپنگ، برتھ، ڈیتھ، میرج سرٹیفکیٹس سروسز دستک ایپ کے ذریعے حاصل کی جاسکتی ہیں، پراپرٹی ٹیکس، ٹوکن ٹیکس، موٹر وہیکل ٹرانسفر اور نئی گاڑی کی رجسٹریشن کی سہولت بھی دستک ایپ سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ شہری “مریم کی دستک” پر ویب پورٹل، موبائل ایپ یا کال سنٹر 1202 کے ذریعے سروسز کیلئے اپلائی کر سکتے ہیں۔ اجلاس میں دستک موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے شہریوں کو ملنے والی سروسز کا جائزہ بھی لیا گیا، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے دستک ایپ پر سروسز کی مزید بہتری کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر میں “مریم کی دستک” سروسز دسمبر تک مہیا کر نے کی ہدایت کردی، لاہور میں” مریم کی دستک” کی سروسز کی تعداد 40 تک بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا، اگست تک لاہور میں”مریم کی دستک ” سروسز کی تعداد 65 تک پہنچ جائیگی۔

14 اگست سے ہر ڈویژن میں مریم کی دستک سروسز شروع ہو جائیں گی جہاں پولیس، ریونیو، بلدیات،ایکسائز ، ٹی ایم اے، ڈویلپمنٹ اتھارٹیز سمیت دیگر محکموں کی سروسز میسر ہوں گی۔