ذاتی اختلافات کو پس پشت ڈال کر صرف اور صرف پاکستان کا سوچنا ہے،وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایوان صدر میں آصف علی زرداری سے ملاقات
اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو آگے لیکر جانے کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، ذاتی اختلافات کو پس پشت ڈال کر صرف اور صرف پاکستان کا سوچنا ہے،صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایوان صدر میں اہم ملاقات ہوئی ۔جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو جمہوری اور آئینی ذمہ داری نبھانے ہوئے وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کو مقدم رکھنا ہے۔وزیر داخلہ کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اتحاد اور یکجہتی کی طاقت سے ہر چیلنج سے نمٹا جا سکتا ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل آج صبح وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جمعیت علماءاسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی تھی۔
محسن نقوی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرنے پہنچے جہاں سربراہ جے یو آئی (ف)نے ان کا استقبال کیا تھااس موقع پر وزیر داخلہ نے مولانا فضل الرحمان کی عیادت کی تھی۔ محسن نقوی نے مولانا فضل الرحمان کی خیریت دریافت کرتے ہوئے انکے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی صحت و سلامتی کیلئے دعا گو ہوں۔
مولانا فضل الرحمان سے 25 سالہ دیرینہ تعلق ہے، ان سے عزت و احترام کارشتہ ہے۔یاد رہے گزشتہ روزوزیراعظم شہباز شریف نے بھی سربراہ جے یو آئی (ف)مولانافضل الرحمان سے ملاقات کی تھی جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے جمعیت علماءاسلام (ف)کے سربراہ مولانافضل الرحمان کو سیاسی مسائل باہمی تعاون سے حل کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی پیشکش کردی تھی ۔
وزیراعظم شہبازشریف مولانا فضل الرحمان کو منانے ان کے گھراچانک پہنچ گئے تھے جہاں جے یو آئی (ف)کے سربراہ مولانافضل الرحمان نے وزیراعظم کا استقبال کیاتھا۔دونوں رہنماﺅں کے درمیان ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت دیگر اہم پر تبادلہ کیاگیا تھا۔ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اور مولانا فضل الرحمان کو سیاسی مسائل کے باہمی تعاون سے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پیش کی گئی تھی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہاتھا کہ جمعیت علماءاسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی دینی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے ہمیشہ جمہوری اقدارکی حفاظت کیلئے پرامن جد وجہد کوفروغ دیا۔