یہ عوام کے ہاتھوں کچل دیے جائیں گے، یا پھر جان بچا کر اُس سرزمین کی طرف بھاگیں گے جہاں ان کی چوری شدہ دولت موجود ہے۔ مرکزی رہنماء پی ٹی آئی ، سابق صدر ڈاکٹرعارف علوی کا ٹویٹ
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے خبردار کیا ہے کہ مینڈیٹ چوری، بربریت کے ذریعے پاکستانیوں پر سوار ہونے والے مہلک غلط فہمی کا شکار ہیں۔ انہوں نے ایکس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ وہ مینڈیٹ کی چوری، بربریت، گرفتاریوں اور قتل کے ذریعے پاکستانیوں پر سوار ہو سکتے ہیں تو بڑے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ وہ ایک مہلک غلط فہمی کا شکار ہیں۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ان کی یہ سواری جلد ہی ختم ہو جائے گی، یا تو عوام کے ہاتھوں کچل دیے جائیں گے، یا پھر یہ جان بچا کر اُس سرزمین کی طرف بھاگ جائیں گے جہاں ان کی چوری شدہ دولت موجود ہے۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءبیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے حکومت سے مذاکرات کیلئے گرین سگنل دے دیا ہے، ہم نے بانی پی ٹی آئی کو بتایا دوریاں بڑھ رہی ہیں اس کیلئے ڈائیلاگ ضروری ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے ہماری بات سے اتفاق کیا ہے۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماءپی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان مذاکرات اور جوہوا ہے اسے معاف کرنے کیلئے تیار ہیں۔ مذاکرات کے راستے کھولے جائیں، آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ہم بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ مذاکرات الائنس کی سطح پر بھی ہوں گے۔ پی ٹی آئی خود بھی آغاز کر سکتی ہے، مذاکرات کے سوا کوئی آپشن نہیں ہم نے مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جو آپشن دیا ہے وہ بھی زیرِ غور ہے۔ مذاکرات کرنا پی ٹی آئی کا اپنا فیصلہ ہے۔ محمود خان اچکزئی اور دیگر جماعتوں کے ساتھ اتحاد ہے انہیں اعتماد میں لیں گے۔ برف پگھل رہی ہے۔ ہم چاہتے ہیں حالات بہتر ہو جائیں، ہماری مذاکرات کی پیشکش کو کسی ڈیل سے تعبیر نہ کیا جائے۔ بانی پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ کو مذاکرات کیلئے کوئی خط نہیں لکھا، سپریم کورٹ کے مذاکرات کے آپشن کا جواب بھی پی ٹی آئی دے گی۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کئی بار کہہ چکے میرے ساتھ جو ہوا معاف کرنے کو تیار ہوں۔