پی ٹی آئی کا ہتکِ عزت قانون کو کالا قانون قرار دے کر ہرسطح پر بھرپور مزاحمت کا اعلان

فارم 47 زدہ منتخب اسپیکر اور باجوہ کے ازلی ٹاؤٹ کو ہتکِ عزت قانون پر دستخط کرتے شرم آنی چاہئیے تھی، پی ٹی آئی اس کالے قانون کے نفاذ کو روکنے کیلئے عدلیہ کا دروازہ کھکھٹائے گی، ترجمان پی ٹی آئی کا ردعمل

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پی ٹی آئی نے ہتکِ عزت قانون کو کالا قانون قرار دے کر ہرسطح پر بھرپور مزاحمت کا اعلان کردیا ہے، ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ پی ٹی آئی اس کالے قانون کے نفاذ کو روکنے کیلئے عدلیہ کا دروازہ کھکھٹائے گی۔ پی ٹی آئی آفیشل ایکس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ہتکِ عزت قانون کو ناقابلِ قبول کالا قانون قرار دے کر سیاسی، پارلیمانی اور عدالتی سطح پر اس کی بھرپور مزاحمت کا اعلان کردیا گیا۔
نامکمل اور فارم 47 زدہ ایوان سے سپیکر منتخب ہونے والے باجوہ کے ازلی ٹاؤٹ کو ہتکِ عزت قانون پر دستخط کرتے ہوئے شرم آنی چاہئیے تھی، سیاسی آوارہ گردوں کے کنسورشیم نے دستور کی روح کے خلاف مقتدرہ کے مکروہ ایجنڈے کو کندھا فراہم کرکے سیاست اور جمہوریت کو شرمسار کیا ہے۔
جمہوریت کا منجن بیچنے والی دو بڑی جماعتوں، بھگوڑا لیگ اور ٹی ٹی پارٹی نے آزادئ اظہار و ابلاغ کو criminalise کرکے آمریت کی نظریاتی اولاد ہونے کی حقیقت پوری دنیا کو دکھائی ہے۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ عوامی تائید اور مینڈیٹ سے محروم ان ضمیر، دستور اور جمہوریت فروشوں نے دستور بیزار قوّتوں اور ان کے کسٹوڈین جنگل راج سے نمک حلالی کا حق ادا کیا ہے، دستور سے نسبت رکھنے والے تمام طبقہ ہائے فکر خصوصاً صحافی اور سول سوسائٹی اس کالے قانون کے خلاف ہم آواز ہیں، تحریک انصاف اس کالے قانون کے نفاذ کو روکنے اور ملک بھر خصوصاً پنجاب کے عوام کو اس کی نحوست سے بچانے کیلئے دستور کی محافظ عدلیہ کا دروازہ کھکھٹائے گی، قاضی صاحب نے دستور کو گروی رکھ کر عدلیہ کو کسی غیراعلانیہ آمر اور اس کی مینڈیٹ چور کٹھ پتلیوں کو پٹے پر نہیں دے رکھا تو اپنے حلف سے وفا نبھائیں اور آزادئ اظہار و ابلاغ کے خلاف اس سنگین اقدام کی راہ روکیں۔