تمام دوست و مغربی ممالک اور آئی ایم ایف بھی یہی مطالبہ کر رہے ہیں، عدالتوں سے مزید سبکی سے بچنے کے لیے حکومت پہلے ہی مقدمات ختم کردے۔ سابق وفاقی وزیر کی گفتگو
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) سینئر سیاسی رہنماء اور سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی کا کہنا ہے کہ عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات فوری ختم کرکے مفاہمت کا راستہ کھولیں، مسلم لیگ ن والے ڈرنے کی بجائے مفاہمت کی طرف بڑھیں کیوں کہ اگر نواز شریف ابھی قدم اٹھائیں گے تو جمہوری ہوگا بعد میں مجبوری بنے گا، نواز شریف ایسے مفاہمتی لیڈر بن کر ابھریں کہ آئندہ کسی الیکشن میں وزیراعظم بن سکیں۔
نجی نیوز چینل سے گفتگو میں انہوں نے حکومت کو تجویز دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان سمیت تحریک انصاف کے خلاف مقدمات فوری ختم کرکے مفاہمت کا راستہ کھولیں، عدالتوں سے مزید سبکی سے بچنے کے لیے حکومت پہلے ہی مقدمات ختم کردے کیوں کہ تمام دوست و مغربی ممالک اور آئی ایم ایف بھی یہی مطالبہ کر رہے ہیں، اس لیے مستقبل میں عوام کو مزید جھٹکوں سے بچانے کے لیے ماحول کو ٹھنڈا کریں کیوں کہ حکومت نے اسی عوام کے پاس جانا ہے جو ان سے نالاں ہیں۔
محمد علی درانی کا کہنا ہے کہ جس طرح ایئرپورٹ سے گھر آنے تک نوازشریف کے تمام کیسز ختم ہوگئے تھے اسی طرح اب نواز شریف آگے بڑھیں اور مقدمات ختم کریں،اس حوالے سے مسلم لیگ ن کو خوفزدہ نہیں ہونا چاہیئے کیوں کہ جس طرح رانا ثناءاللہ کو ٹنوں ہیروئن ڈال کر بھی کوئی جیل میں نہ رکھ سکا تو اب بغیر جرم کے کون رکھ سکتا ہے؟، اس سے پہلے کہ حکومت پگھل جائے اور اسمبلی کا تناسب بدلے پھر پشیمانی کا کیا فائدہ ہوگا، اس لیے تمام لوگوں کو جیل سے نکال کر بات چیت سے ملک کو ٹریک پر ڈالا جائے، مقدمات ختم کرنا حکومت کا پاکستان اور عوام سے محبت کا اظہار ہوگا، اس اقدام سے سے اداروں کو مثبت پیغام جائے گا کہ مفاہمت کی طرف قدم بڑھا ہے۔