بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ نے بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے درخواست دائر کی جس میں عدالت سے سزا معطل کر کے ضمانت پر رہائی کی استدعا کی گئی ہے
اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں عدت کیس میں سزا معطلی کی درخواست دائر کر دی،بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔بشریٰ بی بی نے عدالت سے سزا معطل کر کے ضمانت پر رہائی کی استدعا کی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیاگیا کہ استغاثہ نے تضاد سے بھرپور کمزور شواہد عدالت میں پیش کیا۔ ان شواہد کی بنیاد پر سزا نہیں سنائی جاسکتی تھی۔ ٹرائل کورٹ کی جانب سے دی گئی سزا برقرار نہیں رہ سکتی۔بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو غیر شرعی نکاح کیس میں 7، 7 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔خیال رہے کہ 3فروری کو اسلام آباد کی سول عدالت نے پاکستا ن تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو عدت نکاح کیس میں 7،7سال قید کی سزاسنائی تھی۔
سینئر سول جج قدرت اللہ نے بشری بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کی درخواست پر اڈیالہ جیل میں سماعت کے بعد گزشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا یا تھا۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 5 ،5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔عدالت نے اپنے فیصلے میںکہا تھاکہ سپریم کورٹ کا 39 روز کی عدت والا فیصلے کا اس کیس میں اطلاق نہیں ہوتا۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کےخلاف دورانِ عدت نکاح کیس کا مختصر تحریری فیصلہ جاری کردیا تھا۔
دو صفحات پر مشتمل مختصر تحریری فیصلہ سول جج قدرت اللہ نے جاری کرتے ہوئے کہا تھاکہ میں نے اپنا تفصیلی فیصلہ انگلش میں ریکارڈ کرا دیا ہے جو 50صفحات پر مشتمل تھا۔فیصلے میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا عدت کے دوران نکاح کرنا ثابت ہو گیاتھا اور تعزیرات پاکستان کی دفعہ 496 کی خلاف ورزی پر ملزمان کو 7،7 سال قید اور 5،5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔فیصلے میں کہا گیا تھاکہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر تعزیرات پاکستان کی دفعہ 496 کے تحت غیر قانونی نکاح ثابت ہوتا ہے اور جرمانہ ادا نہ کرنے پر مزید 4 ماہ سزا بھگتنا ہو گی۔